0
Thursday 13 Sep 2012 14:20

توہین آمیز امریکی فلم اسلام مخالف مہم کا حصہ اور شدید قابل مذمت ہے، رامین مہمان پرست

توہین آمیز امریکی فلم اسلام مخالف مہم کا حصہ اور شدید قابل مذمت ہے، رامین مہمان پرست
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں توہین آمیز امریکی فلم کی نمائش کو ایک نفرت انگیز اقدام قرار دیا ہے۔ رامین مہمان پرست کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوری ایران، اسلامی مقدسات کی توہین کی شدید مذمت اور امت مسلمہ کے جذبات مجروح ہونے پر ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ مہمان پرست نے امریکہ کو دنیا میں ثقافتی تنفر کی ترویج کا اصل عنصر قرار دیا۔ انکا کہنا تھا کہ اسلام مخالف مہم کے تحت ہونے والی اسلامی مقدسات کی توہین پر امریکی حکومت کی خاموشی اس طرح کے نفرت انگیز رویہ کے جاری رہنے کا اصل سبب ہے۔

واضح ر ہے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں امریکہ میں بننے والی توہین آمیز فلم (انوسینس آف مسلمز) کے خلاف مسلم ممالک میں زبردست مظاہرے جاری ہیں۔ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں امریکی سفارت خانے کے سامنے ہزاروں افراد نے مذکورہ توہین آمیز فلم کے خلاف مظاہرہ کیا اور امریکی جھنڈے کو نذر آتش کر دیا، جبکہ لیبیا کے شہر بن غازی میں مظاہرین نے اس امریکی فلم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے امریکی قونصل خانے پر حملہ کیا، جس میں امریکی سفیر کرسٹوفر اسٹیوینز اور ان کے تین ساتھی ہلاک ہوگئے۔ العالم ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ یہ توہین آمیز فلم امریکہ مہاجرت کرنے والے بعض قبطیوں نے اسلام مخالف شدت پسند امریکی پادری ٹیری جونز کے ساتھ مل کر بنائی ہے۔

ادھر اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے کہا ہے کہ مغرب کا زوال نئی خوش آئند صورتحال کی نوید دے رہا اور یہ ڈکٹیٹر حکومتوں کے خاتمے کا آغاز ہے۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق رامین مہمان پرست نے شمالی ایران کے صوبہ گيلان کے شہر رشت میں ایک اجلاس میں کہا کہ یورپ اور امریکہ کے بعض علاقوں میں جاری اقتصادی اور سماجی بحران عالمی نظام چلانے کے دعویدار ملکوں کی غلط کارکردگي کا نتیجہ ہے۔ 

مہمان پرست نے شمالی افریقہ اور مشرق وسطٰی میں اسلامی بیداری کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مغرب کے پٹھو حکمرانوں کے خلاف عوام کی انقلابی تحریکوں اور خود مختاری حاصل کرنے کی قوموں کی کوششوں سے پتہ چلتا ہے کہ اب امریکہ اور صیہونی حکومت سے وابستہ ڈکٹیٹر حکومتوں کا زمانہ ختم ہو رہا ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ مغرب کی تمام سازشوں کے باوجود مصر، تیونس، لیبیا، یمن اور بحرین میں اسلامی تحریک بدستور جاری ہے۔ انہوں کہا کہ موجودہ صورتحال میں اسلامی ممالک بڑے حساس مرحلے سے گذر رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ان حساس مراحل سے عبور کے لئے اپنی اقدار کی حفاظت اور اپنی تمام تر توانائیوں سے استفادہ کرنا بہت اہمیت رکھتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 195118
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش