QR CodeQR Code

فیکٹری میں آتشزدگی، وزیر صنعت و تجارت اور وزیر محنت کو شامل تفتیش کیا جائے، سید منور حسن

13 Sep 2012 14:39

اسلام ٹائمز: ایک بیان میں جماعت اسلامی پاکستان کے امیر نے کہا کہ بھتہ خوروں نے کراچی کی صنعتی سرگرمیوں کو ماند کردیا ہے، ملز اور فیکٹری مالکان سے کروڑوں روپے بھتے وصول کئے جاتے ہیں، آتشزدگی کا یہ واقعہ بھتہ خوری کا شاخسانہ بھی ہوسکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے بلدیہ ٹاؤن کی گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعہ پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آتشزدگی کے واقعے میں تین سو سے زائد افراد کی ہلاکت معمولی واقعہ نہیں اسے محض ایک حادثہ قرار دے کر نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ حادثے کے اسباب اور پس پردہ عوامل کو تلاش کرنا بھی ضروری ہے، فائر بریگیڈ کے عملے کا جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچنا اور بر وقت ریسکیو کے عدم انتظام کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھتہ خوروں نے کراچی کی صنعتی سرگرمیوں کو ماند کردیا ہے، ملز اور فیکٹری مالکان سے کروڑوں روپے بھتے وصول کئے جاتے ہیں، آتشزدگی کا یہ واقعہ بھتہ خوری کا شاخسانہ بھی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت واقعہ کی اعلیٰ عدالتی تحقیقات کرائے، وزیر صنعت و تجارت اور وزیر محنت کو شامل تفتیش کیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔


خبر کا کوڈ: 195121

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/195121/فیکٹری-میں-آتشزدگی-وزیر-صنعت-تجارت-اور-محنت-کو-شامل-تفتیش-کیا-جائے-سید-منور-حسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org