0
Sunday 16 Sep 2012 13:07

امریکا سے دوستی قومی سالمیت کے خلاف ہے، قاضی حسین احمد

امریکا سے دوستی قومی سالمیت کے خلاف ہے، قاضی حسین احمد
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر اور سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ کراچی سمیت پورا ملک بدامنی کا شکار ہے، حکومت غندہ گردی اور بھتہ خوری کی سرپرستی کر رہی ہے اور اتحادی جماعتوں نے غنڈہ گردی اور بھتہ خوری کو اپنا کاروبار بنایا ہوا ہے، اخلاقی جرات ہتھیار سے زیادہ کارگر اور مفید ہے، جرات اور ہمت کیساتھ بھتہ خوری اور غنڈہ گردی کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ امریکا سے دوستی قومی سالمیت کے خلاف ہے، وزیرستان آپریشن امریکی اتحاد کا شاخسانہ ہے، توہین آمیز فلم اور خاکے نہ صرف خود بڑی دہشت گردی ہیں بلکہ اس سے دنیا کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے، نیا مینڈیٹ ناگزیر ہوگیا ہے، حکمرانوں کو 4 سال تک بلدیاتی انتخابات کی یاد نہیں آئی، عام انتخابات کے وقت انہیں بلدیاتی الیکشن کی یاد ستا رہی ہے۔ وہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع غربی کے امیر محمد اسحق خان، نائب امیر ضلع غربی اور سابق رکن قومی اسمبلی محمد لئیق خان اور عبدالرزاق بھی موجود تھے۔

قاضی حسین احمد نے کہا کہ کراچی سے پورے ملک کی خوشحالی وابستہ ہے، یہ معاشی دارالخلافہ ہے، یہاں اگر بدامنی ہوگی تو پورے ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری کا طوفان آئیگا۔ امن قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، مگر کراچی میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی ختم کرنے کے لیے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت عوام کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا، اگر حکومت امن قائم نہ کرسکے تو اسے اقتدار میں رہنے کا بھی کوئی حق نہیں، حکومتی سرپرستی کے بغیر اتنی کھلی بھتہ خوری اور غندہ گردی ممکن نہیں، کراچی میں غنڈہ گردی کو کاروبار بنالیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئمہ مساجد اور علماء کو بھی امن کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے، حکومت کو سیدے راستے پر لانے اور بھتہ خوروں اور دہشت گردوں سے مقابلے لیے علماء عوام کی ذہن سازی کرسکتے ہیں، ہم علماء سے رابطے کررہے ہیں۔

قاضی حسین احمد نے کہا کہ قبائل فوج کے معاون ہیں پاک فوج کی موجودگی کے بغیر بھی ہماری سرحدیں قبائل کی حب الوطنی کے باعث محفوظ رہیں، آج پورے ملک میں بدامنی کی بڑی وجہ امریکا ہے، توہین آمیز خاکے دنیا میں دہشت گردی کا سبب بن رہے ہیں اور ہمارے حکمران ان کا صف اول کا اتحادی ہونے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ کراچی میں فیکٹری سانحہ پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کی ذمہ دار صوبائی حکومت اور متعلقہ محکمے ہیں، متعلقہ ادارے فیکٹریوں کا دورہ صرف ماہانہ وصولی کے لیے کرتے ہیں، فیکٹریوں میں کسی قسم کا کوئی حفاظتی انتظام نہیں تھا۔ جماعت اسلامی کے سیاسی جماعتوں سے انتخابی اتحاد سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 19، 20 اور 21 ستمبر کو مرکزی شوریٰ کا اجلاس ہورہا ہے اس اجلاس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 195898
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش