0
Sunday 16 Sep 2012 20:26

لاہور سے پہلی حج پرواز 20 ستمبر کو روانہ ہو گی

لاہور سے پہلی حج پرواز 20 ستمبر کو روانہ ہو گی
اسلام ٹائمز۔ ڈائریکٹر حج لاہور سعید احمد ملک نے بتایا ہے کہ لاہور سے پہلی حج پرواز 20 ستمبر کو روانہ ہو گی، اس سال یہاں سے 36 ہزار عازمین حج حجاز مقدس روانہ ہوں گے، حاجی اپنے ہمراہ لے جانے والی ادویات سر بمہر کروانے اور ٹکٹ و پاسپورٹ کے حصول کے لئے پرواز کی روانگی سے دو دن قبل حاجی کیمپ میں رپورٹ کریں، اس موقع پر انہیں چار ضروری دستاویزات لازمی طور پر ہمراہ لانا ہوں گی جن میں بینک کی طرف سے حج واجبات کی وصولی کے بعد درخواست فارم سے علیحدہ کر کے جاری کی جانے والی رسید جس پر حاجی کی تصویر چسپاں ہو، وزارت حج کی طرف سے ارسال کیا جانے والا اطلاع نامہ، قومی شناختی کارڈ بمع فوٹو کاپی اور بینک کی طرف سے تصدیق شدہ چار عدد تصاویر شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حاجی کیمپ پہنچ کر عازمین وزارت حج کی طرف سے جاری کردہ اطلاع نامہ پی آئی اے یا سعودی ائیر لائن کے کاؤنٹر پر پیش کریں گے جہاں سے ان کے پاسپورٹ اور ٹکٹ ان کے حوالے کر دئیے جائیں گے، عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاسپورٹ کھول کر اس بات کی یقین دہانی کر لیں کہ اس پر ان ہی کے کوائف درج اور تصویر چسپاں کی گئی ہے، کسی شکایت کی صورت میں حاجی کیمپ میں موجود وزارت حج کے عملے سے فوری طور پر رابطہ کریں، حاجیوں کو اس موقع پر ایک شناختی کارڈ بھی جاری کیا جائے گا جس پر ان کے تمام کوائف اور مکہ میں رہائش کا پتہ، مکتب نمبر وغیرہ درج ہوں گے۔

حاجیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسے پلاسٹک کور کروا کر لاکٹ کے طور پر ہر وقت پہنے رکھیں تا کہ گم ہو نے یا ساتھیوں سے بچھڑنے کی صورت میں دوبارہ ملنے میں زیادہ مشکل پیش نہ آئے، کسی حاجی کی ادا شدہ رقم سے لازمی کٹوتیوں کے بعد رہائش کے کرائے سے رقم بچ جانے کی صورت میں اضافی رقم کی واپسی کے لئے متعلقہ بینکوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، عازمین حج کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روانگی کے دن پرواز کے مقررہ وقت سے کم از کم چھے گھنٹے پہلے حاجی کیمپ پہنچ جائیں، فلائٹ روانگی سے اڑھائی گھنٹے قبل بکنگ بند کر دی جائے گی، ہر حاجی کو 30 کلو گرام تک سامان ہمراہ لے جانے کی اجازت ہو گی۔

حاجیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممنوعہ اشیا اور منشیات وغیرہ ہرگز ساتھ نہ رکھیں کیونکہ سعودی عرب میں منشیات لے جانے کی سزا موت ہے، ادویات استعمال کرنے والے خواتین و حضرات مستند ڈاکٹر کے لیٹر پیڈ پر لکھا ہوا نسخہ ہمراہ لائیں اور متعلقہ عملے سے ادویات کا پلاسٹک بیگ سیل کروا لیں۔ حاجیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ روانگی کے روز گھروں سے غسل کر کے آئیں اور حاجی کیمپ یا ائیر پورٹ کے حج ٹرمینل پر احرام باندھیں، سعودی عرب پہنچ کر ملکی وقار کا خیال رکھیں اور سعودی قوانین کی سختی سے پابندی کر کے خود کو ذمہ دار شہری ثابت کریں، حکومت پاکستان نے حجاج کرام کی سہولت کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 195961
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش