0
Sunday 16 Sep 2012 21:21

پاکستان کی اصل طاقت نوجوان ہی ہیں، شاہ محمود قریشی

پاکستان کی اصل طاقت نوجوان ہی ہیں، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں اور پاکستان کی اصل طاقت نوجوان ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ’’نیشنل یوتھ کنونشن‘‘ کے انعقاد کا فیصلہ کر لیا ہے اور یہ کنونشن لاہور کے سیاسی اکھاڑے میں لگے گا، اس کنونشن میں نوجوانوں کو باقاعدہ قومی سمت اور نظریہ دیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کے شعبہ یوتھ ونگ کے رہنماؤں اور نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن پنجاب کے نوجوانوں سے خائف ہے اور وہ اس کوشش میں ہے کہ یوتھ ونگ میں دراڑیں ڈال دی جائیں تاکہ نوجوان اپنی منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی بھٹک جائیں، جس کی ایک مثال ’’پنجاب یوتھ فیسٹول ‘‘ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس سے قبل حکمرانوں کو نوجوانوں کا کبھی خیال نہیں آیا پاکستان تحریک انصاف کی طاقت نوجوان ہیں اور آنیوالے وقت میں یہ ثابت ہو جائے گا کہ پاکستان تحریک انصاف نوجوان نسل کی جماعت ہے جس میں تمام اختیارات اور طاقت نوجوانوں ہی کے پاس ہیں، یوتھ ونگ کی ازسر نو تنظیم سازی میں آپ نوجوانوں کی مرضی ہے کہ کس کو صدر بنانا ہے کس کو جنرل سیکرٹری بنانا ہے، اس میں کسی کا کوئی عمل دخل نہیں ہو گا، نوجوان اپنے نئے قائدین کو خود چنیں گے، پی ٹی آئی کے نوجوان تحریک کا ہر اوّل دستہ ہیں اور نوجوانوں کو محنت کرنا ہو گی تاکہ ملک اور قوم کو موجودہ حالات سے نکالنے میں عمران خان کا پیغام پوری قوم تک پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری قوم پاکستان تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہی ہے کیونکہ قوم کی آخری امید عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف ہے اسی لیئے ہم سب پر ذمہ داری بھی زیادہ عائد ہوتی ہے۔ اجلاس سے اسد عمر، عمر چیمہ، ابرارالحق، عاطف خان، محمد مدنی اور شہزاد اشرف نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کے بہت قریب ہیں اور نوجوانوں نے پوری قوم کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔ ’’قومی یوتھ کنونشن‘‘ ایک تقریب نہیں بلکہ ایک روڈ میپ ہے جس پر تحریک انصاف یوتھ ونگ اور انصاف سٹوڈنٹس فڈریشن کے تمام نوجوانوں نے دن رات محنت کرکے عمل پیرا ہونا ہے۔
خبر کا کوڈ : 195969
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش