0
Monday 17 Sep 2012 18:10

سانحہ کراچی کے ذمہ داران گرفتار نہ ہوئے تو خود سزا تجویز کرنے پر مجبور ہونگے، علامہ اسدی

سانحہ کراچی کے ذمہ داران گرفتار نہ ہوئے تو خود سزا تجویز کرنے پر مجبور ہونگے، علامہ اسدی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام لاہور پریس کلب اور امریکن قونصل خانہ کے سامنے کراچی میں لبیک یا رسول اللہ(ص) ریلی کے نہتے شرکا پر پولیس اور رینجرز کی بلاجواز فائرنگ اور گستاخانہ فلم کے خلاف بھرپور احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں بڑی تعداد میں خواتین، مرد اور بچوں نے شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ کراچی میں نہتے عاشقان رسول(ص) کی ریلی پر پولیس اور رینجرز کی فائرنگ نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ مملکت خداداد پاکستان کی باگ دوڑ اب بھی شیطانوں کے ہاتھ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ فیاض لغاری، اے آئی جی اقبال محمود اور سانحہ کے اصل ذمہ دار ڈی آئی جی مشتاق مہر کو فوری برطرف کیا جائے اور ان پر توہین رسالت کے مرتکب لوگوں کو معاونت کرنے کے جرم کے مطابق ایف آئی آر درج کر کے قرار واقعی سزا نہ دی گئی تو حالات کی ذمہ دار سندھ حکومت ہو گی۔ علامہ اسدی نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد اللہ تعالیٰ اور عقیدہ ختم نبوت پر رکھی گئی اور ہم وطن عزیز میں کسی بھی شرپسند کو یہ اجازت نہیں دینگے کہ وہ گستاخوں کو پناہ اور عاشقان رسول(ص) پر ظلم کریں، اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے تو عاشقان رسالت خود ان کے لئے سزائیں تجویز کرنے پر مجبور ہوں گے۔

ریلی سے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنما سید اسد عباس نقوی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ عشق مصطفی(ص) میں جانوں کا نذرانہ دینا ہمارے لئے باعث نجات ہے لیکن ہم اللہ اور رسول خدا(ص) کے نام پر حاصل کردہ اس ملک میں یہ ہرگز کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ استعماری قوتوں کی حفاظت اور محب وطن لوگوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنائیں، ڈی آئی جی مشتاق مہر توہین رسالت کا مرتکب ہوا ہے، ان کے خلاف 295/C کے تحت اگر ایف آئی آر درج نہ ہوئی تو ملک بھر میں نہ رکنے والا احتجاجی سلسلہ شروع کر دیں گے۔

سید اسد عباس نقوی نے مزید کہا کہ ملزموں کی عدم گرفتاریوں سے سامنے آنے والے نتائج کی ذمہ دار سندھ حکومت اور وفاقی حکومت ہو گی۔ انہوں نے کہا ملک میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ میں انہی لوگوں کا ہاتھ ہے جنہوں نے کراچی میں نہتے عاشقان رسول(ص) پر گولیوں کی بوچھاڑ کی۔ ریلی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مجلس وحدت مسلمین کی اس احتجاجی ریلی دیگر شیعہ تنظیموں نے بھی شرکت کی جس میں آئی او پاکستان، شیعہ شہریان لاہور اور دیگر جماعتیں شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 196253
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش