QR CodeQR Code

آزاد کشمیر، بٹل سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ

18 Sep 2012 10:34

اسلام ٹائمز: ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کا سلسلہ رات نو بجے شروع ہوا جو رات گئے تک جاری رہا۔ بھارتی فائرنگ سے علاقہ میں لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔


اسلام ٹائمز۔ گذشتہ شب بھارتی فوج نے بٹل سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ شروع کر دی جس کی وجہ سے علاقہ میں شدید خوف و حراس پایا جاتا ہے۔ کنٹرول لائن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تاحال کوئی بھاری نقصان نہیں ہوا۔ ڈپٹی کمشنر پونچھ نے بھارتی فوج کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کی تصدیق کی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا سلسلہ نو بجے شروع ہوا جو رات گئے تک جاری رہا، بھارتی فوج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی جس سے پورا علاقہ لرزتا رہا۔ فائرنگ کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر اکثر بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے جس سے بھاری جانی و مالی نقصان ہوتا ہے۔ بھارت کی جانب سے فائرنگ ایسے وقت میں کی گئی جب پاکستان اور بھارت کی حکومتیں مسئلہ کشمیر سمیت دیگر مسائل حل کرنے کے لیے بات چیت کے عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کے واقعات پر سیاسی رہنمائوں نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو الجھانے کے لیے نئے حربے استعمال کرتی ہے اور بلا اشتعال فائرنگ کر کے حالات کو خراب کرتی ہے۔ عالمی برادری بھارتی جارحیت کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔


خبر کا کوڈ: 196385

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/196385/آزاد-کشمیر-بٹل-سیکٹر-میں-بھارتی-فوج-کی-بلااشتعال-فائرنگ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org