0
Tuesday 18 Sep 2012 20:58

توہین رسالت کرنیوالے عالمی دہشت گرد ہیں، احترام مذاہب سیمینار

توہین رسالت کرنیوالے عالمی دہشت گرد ہیں، احترام مذاہب سیمینار
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کی نظامت بین المذاہب ہم آہنگی کے تحت ’’احترام مذاہب سیمینار ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ جمہوریت اور انسانی حقوق کو مذہب کا درجہ دینے والے آزادی رائے کی چھتری تلے ناپاک جسارتوں کا عمل جاری رکھ کر دنیا کو تصادم کی طرف دھکیل رہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت عالمی جرم ہے، عورتوں، بچوں حتیٰ کہ جانوروں تک کے حقوق کو تحفظ دینے والے محسن انسانیت(ص) کی ذات مقدسہ پر کیچڑ اچھالنے والے انسانیت کے دشمن اور عالمی دہشت گرد ہیں۔

رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ گستاخانہ فلم بنانے والوں پر امریکی عدالتوں سمیت عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ چلانا ہو گا، 50 سے زائد ریاستوں کے مسلم حکمران سامراج کے غلام بن گئے ہیں، او آئی سی کو ابھی تک اس اہم ترین ایشو پر اجلاس بلانے کی توفیق نہیں ملی جو انتہائی افسوسناک امر ہے، تینوں الوہی مذاہب میں آسمانی کتابوں، پیغمبروں، مقدس ہستیوں کی توہین کی قطعاً اجازت نہیں، اس لئے تمام مذاہب کے پیروکاروں کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس مذموم عمل کے خلاف آواز بلند کریں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے ہیلتھ ڈاکٹر سعید الہی، مرکزی امیر فیض الرحمان خان درانی، جی ایم ملک، علامہ رائے مزمل حسین، سہیل احمد رضا، ہندو رہنماء پنڈت بھگت لال، سکھ رہنماء گووندر سنگھ، پیر شفاعت رسول، پیر اختر رسول اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن خان درانی نے کہا کہ پوری دنیا کیلئے رحمت بن کر آنے والے آخری رسول(ص) کی شان میں گستاخی کرنے والے پوری انسانیت کے مجرم ہیں، پرامن احتجاج پوری دنیا کے مسلمانوں کا قانونی حق ہے، آزادی اظہار رائے کے نام پر انسانی قدروں کی دھجیاں بکھیرنے والے عالمی امن کے بدترین دشمن ہیں۔ ڈاکٹر سعید الہی نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کا مطلب نفرت پھیلانا ہرگز نہیں، دنیا کو تصادم کی طرف دھکیلنے والے انسانیت کے دشمن ہیں، وفاقی اور صوبائی سطح پر تمام مذاہب کے لوگوں پر مشتمل انٹر فیتھ کمیشن بنانے کی ضرورت ہے، ڈویژن اور ضلعی سطح پر بھی انٹر فیتھ کمیٹیاں بنانا ہوں گی، ڈاکٹر طاہر القادری ملک میں انٹر فیتھ ریلیشنز کے کام کا آغاز کرنے والے ہیں، امن عالم کیلئے ان کی خدمات عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہی ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنماء علامہ رائے مزمل حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تہذیبوں کو ٹکراؤ سے بچانے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کی خدمات پوری دنیا سے داد تحسین پا رہی ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک نے کہا کہ اقوام متحدہ مقدس ہستیوں اور مذاہب کے احترام کے حوالے سے قراردادوں پر عمل کو یقینی بنائے، امت مسلمہ کے حکمران مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کریں۔ ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے کہا کہ امت مسلمہ جلاؤ گھیراؤ کی جگہ پرامن طریقے سے احتجاج کرے یہ ان کا بنیادی حق ہے۔ ہندو رہنماء پنڈت بھگت لال نے کہا کہ توہین آمیز فلم بنانے والے پوری انسانیت کے مجرم ہیں اور شیطانی قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے سارے مذاہب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ مختلف مذاہب کے پیروکار شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی بین المذاہب رواداری اور امن عالم کیلئے خدمات کے معترف ہیں، ہندو برادری نے تحریک منہاج القرآن کے ساتھ مندر میں حضور (ص) کا میلاد منا کر تاریخ رقم کی ہے، یہ ہندو برادری کی محمد مصطفےٰ (ص) سے محبت ہے اور اہم کسی کو یہ حق نہیں دیتے کہ وہ ان کی شان میں گستاخی کا مرتکب ہو۔ سکھ رہنماء گووندر سنگھ نے کہا کہ منہاج القرآن کا راستہ محبت اور سلامتی کا راستہ ہے اور بین المذاہب رواداری کیلئے اس وقت سکھ برادری مسلمانوں کے ساتھ احتجاج میں برابر کی شریک ہے۔ پیر شفاعت رسول نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کا دل زخمی کرنے والے قابل مذمت ہیں، ذات مصطفےٰ (ص)کی تقدیس پر حملہ پوری انسانیت پر حملہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 196560
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش