QR CodeQR Code

حکومت نے کراچی کے شہریوں کو خونخوار بھیڑیوں کے آگے ڈال دیا ہے، منور حسن

19 Sep 2012 19:33

اسلام ٹائمز: امیر جماعت اسلامی پاکستان نے ڈاکٹر پرویز محمود اور عبدالواحد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کو جلد عبرتناک انجام سے دوچار ہونا پڑے گا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ حکومت نے کراچی کے شہریوں کو ہاتھ پائوں باندھ کر خونخوار بھیڑیوں کے آگے ڈال دیا ہے، جو بے دردی سے معصوم انسانوں کو چیر پھاڑ رہے ہیں، ڈاکٹر پرویز محمود اور عبدالواحد کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور قاتلوں کو جلد عبرتناک انجام سے دوچار ہونا پڑے گا، سید منور حسن نے کہا کہ حکومت نے شہریوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے ٹارگٹ کلرز کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں، بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کے ہاتھوں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں، ہر طرف ایک خوف و ہراس کی فضاي ہے، انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کے ذمہ داروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس قاتلوں کے جرائم کے تمام ثبوت موجود ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب پر دہشتگردوں کا قبضہ ہے اور ملکی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں، یہ دہشتگرد پاکستان کے دشمن ہیں اور عالمی قوتوں کے ایجنڈے کو پورا کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ عالمی استعمار پاکستان کو اپنے پائوں پر کھڑا ہوتے نہیں دیکھنا چاہتا اور ملک کو ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کا غلام رکھنا چاہتا ہے اور اس کے حصے کر کے بھارت کی علاقے میں بالادستی قائم کرنا چاہتا ہے، انہوں نے کہا کہ اس مکروہ سازش میں ملک دشمن عناصر ملوث ہیں جو ملک دشمن قوتوں کے آلہ کار ہیں اور قانون کی گرفت سے آزاد ہیں، سید منور حسن نے ڈاکٹر پرویز محمود اور عبدالواحد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 196862

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/196862/حکومت-نے-کراچی-کے-شہریوں-کو-خونخوار-بھیڑیوں-آگے-ڈال-دیا-ہے-منور-حسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org