0
Thursday 20 Sep 2012 09:54

دفاع کیلئے پوری طرح تیار ہیں، دشمن کو اسکے گھر میں ہی کچل دینگے، احمد وحیدی

دفاع کیلئے پوری طرح تیار ہیں، دشمن کو اسکے گھر میں ہی کچل دینگے، احمد وحیدی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ہمیں فوجی میدان میں کسی سے کوئی خوف نہیں اور دشمن کو اسکے گھر ہی میں کچل دیں گے۔ ایران کے وزیر دفاع بریگيڈیر جنرل احمد وحیدی نے کہا کہ دشمن ایک جانب ہمیں فوجی حملے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور اقتصادی پابندیاں عائد کرکے یہ کہتا ہے کہ ایرانی عوام مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں، جبکہ دوسری طرف یہ دعویٰ کر رہا ہے کہ ایران دنیا میں تنہا ہو گیا ہے۔ بریگيڈیر جنرل احمد وحیدی نے مزید کہا کہ ہم "مقدس دفاع"، شہداء، امامت اور رہبر انقلاب جیسے عظیم سرمایہ کی بدولت ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں اور دشمن کو اسکے گھر ہی میں کچل ڈالیں گے۔ 

اسلامی جمہوری ایران کے وزیر دفاع نے اسلامی مقدسات کے خلاف گستاخی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کل انسانی تہذیب اتنی پستی کا شکار ہوگئی ہے کہ ہدف خلقت ۖ کی شان میں گستاخی کرتی ہے، انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ مغربی تہذیب کے بوسیدہ ہونے کی علامت نہیں ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ آج کا انسان، ماڈرن جاہلیت کا شکار ہو گیا ہے اور اسی جاہلیت میں وہ ایسے گستاخانہ اور توہین آمیز اقدامات کا ارتکاب کر رہا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر دفاع نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مغرب ماڈرن جاہلیت کا شکار ہے اور جو کوئی بھی اپنے زمانے کے امام کی شناخت کے بغیر مر جائے وہ جہالت کی موت مرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں جاری انقلاب اسلامی اور بیداری اسلامی کی تحریکیں انقلاب اسلامی ایران کی وجہ سے ہیں۔ احمد وحیدی کا کہنا تھا کہ اگر دفاع مقدس کے شہداء کا خون نہ ہوتا تو آج نہ تو اسلام کے لئے کوئی آواز بلند کرتا اور نہ ہی مقدسات کی بےحرمتی کے خلاف کوئی احتجاج کرتا۔
 
احمد وحیدی کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایک بڑی جنگ کے لئے آمادہ ہیں، انکا کہنا تھا کہ ہمارے پاس دفاع مقدس، ولایت اور شہداء جیسا سرمایہ ہے اور اس سرمایہ کی بدولت اس حق و باطل کے درمیان ہمیشہ سے جاری جنگ کے لئے پوری طرح تیار ہیں اور چونکہ یہ زمانہ امام زمانہ کے ظہور کے نزدیک کا زمانہ ہے، اس لئے یہ جنگ اہم ترین جنگوں میں سے ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ہمارے دشمن کا گھر مکڑی کے جالے کی طرح ہے، اگرچہ یہ دور سے بڑا اور مضبوط نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن اپنی پوری کوشش کر رہا ہے کہ ہمارے لئے نئی پریشانیاں ایجاد کرے اور ہمیں یہ باور کرانے کی کوشش کرے کہ ہم ایک بہت بڑی مشکل سے دوچار ہیں اور ہم فوجی حملے، پابندیوں، تمدنی مشکلات اور دنیا میں تنہائی جیسے خطرات سے دوچار ہیں۔
 
ایرانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آج ہم اپنے دفاع کے لئے پوری طرح آمادہ ہیں اور ہمیں دشمن سے کسی قسم کا کوئی خوف نہیں ہے، ہماری قوم اس جہاد کے لئے پوری طرح تیار ہے اور ہم اپنے دشمن کو اس کے گھر میں ہی نابود کر دیں گے۔

احمد وحیدی نے مزید کہا کہ دشمن کی قدرت اور جنگی صلاحیت بہت پہلے سے بند گلی میں پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر دشمن میں ایسی صلاحیت ہوتی تو گذشتہ ایک دو سالوں میں وہ شام کے خلاف ضرور کوئی اقدام کرتا، انہوں نے کہا کہ دشمن کو معلوم ہے کہ ایسا کرنے سے وہ بہت سی مشکلات کا شکار ہو جائے گا۔ ایرانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ایران تو دشمن کے لئے اس کے منہ سے بھی بڑا لقمہ ہے۔

ایرانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دشمن ہمیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ اب دشمن یہ پروپیگنڈہ کر رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ ہمارے لوگوں کی انقلاب سے محبت کم ہوگئی ہے جبکہ یہ بہت بڑا جھوٹ ہے۔ اسی طرح دشمن یہ بھی کہہ رہا تھا کہ ایران بین الاقوامی برادری میں تنہائی کا شکار ہو چکا ہے، لیکن تہران میں غیر وابستہ ممالک کے سولہواں سربراہی اجلاس نے اس بات کو بھی غلط ثابت کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن اس طرح کے نفسیاتی حربوں سے چاہتا ہے کہ اپنے آپ کو بڑا اور ہمیں کمزور ظاہر کرے۔

جنرل احمد وحیدی کا آخر میں کہنا تھا کہ جمہوری اسلامی ایران دنیا میں ایک نیا وژن خلق کرنے جا رہا ہے اور بے شک عزت، سربلندی اور بڑے اہداف صرف ان لوگوں کے انتظار میں ہیں جو شہداء کے نقش قدم پر چلنے والے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 196975
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش