QR CodeQR Code

جمعہ 21 ستمبر کو کراچی میں لبیک یا محمد (ص) مارچ کیا جائیگا، مولانا مختار امامی

20 Sep 2012 23:32

اسلام ٹائمز: صوبائی دفتر کراچی میں ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی ریلی میں تمام شیعہ تنظیمیں اور اہل سنت برادران بھرپور شرکت کرینگے۔ ہم اسلام دشمنوں کو پیغام دیں گے کہ ذات نبی (ص) اقدس پر تمام مسلمان متحد ہیں اور دفاع ناموس رسالت (ص) کے لئے میدان عمل میں حاضر ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا مختار احمد امامی نے صوبائی آفس میں ڈویژنل رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 21 ستمبر کا دن استعماری قوتوں کے لئے بھاری دن ثابت ہوگا۔ جب تمام امت مسلمہ وطن عزیز میں ایک پرچم تلے عشق رسول (ص) کا اظہار کرے گی۔ مولانا مختار امامی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملک کے ہر حصے میں لبیک یارسول اللہ (ص) ریلی کا انعقاد کر رہی ہے۔ اسی مناسبت سے کراچی میں بعد از نماز جمعہ سہ پہر 3 بجے نمائش چورنگی سے تبت سینٹر تک لبیک یامحمد (ص) مارچ کیا جائے گا اور اپنے آقا و مولا (ص) سے اپنے عشق کا برملا اظہار کریں گے۔ مولانا مختار امامی نے کہا کہ اگر مسلم امہ اسی طرح وحدت کا مظاہرہ آئندہ بھی کرتی رہی تو کسی کی جرات نہیں کہ وہ ہمارے عقائد، انبیاء (ع) اور مقدسات کی توہین کرنے کی جسارت کرے۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی ریلی میں تمام شیعہ تنظیمیں اور اہل سنت برادران بھرپور شرکت کریں گے۔ ہم اسلام دشمنوں کو پیغام دیں گے کہ ذات نبی (ص) اقدس پر تمام مسلمان متحد ہیں اور دفاع ناموس رسالت (ص) کے لئے میدان عمل میں حاضر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور اسرائیل مسلمانوں کے ازلی دشمن ہیں وہ مسلمانان عالم کو نقصان پہنچانے اور دل آزاری کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ہیں۔ ہم تمام مسلمانوں کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں اور مل کر اسلام دشمن طاقتوں کا مقابلہ کریں اور استعماری اور صہیونی طاقتوں کو بتا دیں کہ محمد عربی(ص) کے ماننے والے کل بھی ایک بھی تھے اور آج بھی ایک ہیں۔


خبر کا کوڈ: 197191

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/197191/جمعہ-21-ستمبر-کو-کراچی-میں-لبیک-یا-محمد-ص-مارچ-کیا-جائیگا-مولانا-مختار-امامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org