QR CodeQR Code

جمعہ کو پاکستان بھر میں یوم عشق رسول (ص) منایا جائیگا، ملک میں عام تعطیل ہوگی

20 Sep 2012 23:32

اسلام ٹائمز: تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے بھی یوم عشق رسول (ص) منانے کی حمایت کر دی ہے، اور قوم سے پرامن احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ نبی کریم حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کے اظہار کا دن جمعہ کو منایا جا رہا ہے، اس موقع پر پورے ملک میں عام تعطیل ہوگی، حکومت کی جانب سے چھٹی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اسلام مخالف فلم کے خلاف کل ملک بھر میں یوم عشق رسول (ص) منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں چاروں صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی عام تعطیل ہوگی، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے بھی یوم عشق رسول (ص) منانے کی حمایت کر دی ہے، اور قوم سے پْرامن احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے۔ 

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی جانب سے جمعہ کی صبح 10 بجے کنونشن سینٹر اسلام آباد میں عشق رسول (ص) کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے سربراہوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ عام تعطیل کی وجہ سے ملک بھر میں شٹرڈاوٴن رہے گا، بازار اور مارکیٹیں بند رہیں گی، سی این جی اسٹیشنز بھی نہ کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ پشاور میں پیٹرول پمپس بھی بند رہیں گے۔ یوم عشق رسول (ص) کے موقع پر ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی نہیں چلے گی، پورے ملک میں بینک اور تعلیمی اداروں میں بھی چھٹی ہوگی، جس کے باعث مختلف شہروں کے تعلیمی اداروں نے کل ہونے والے امتحانات ملتوی کر دیئے ہیں، پرچوں کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 197196

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/197196/جمعہ-کو-پاکستان-بھر-میں-یوم-عشق-رسول-ص-منایا-جائیگا-ملک-عام-تعطیل-ہوگی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org