QR CodeQR Code

حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، عبدالمجید

21 Sep 2012 14:12

اسلام ٹائمز: حریت کانفرنس کے رہنما سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ دو طرفہ مذاکرات اور باہمی تجارت کے ہر گز مخالف نہیں، اعتماد سازی کے اقدامات جاری رہنے چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کی بنیاد پر مسئلہ کشمیر کا پرامن حل بیس کیمپ کی حکومت کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے اور موجودہ حکومت کشمیریوں کے حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ ہر گز نہیں کر سکتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی ہے اور پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے کشمیر کی آزادی کے لیے ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے کا جو عزم کیا تھا وہ اس بات کا ثبوت ہےکہ پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت مسءلہ کشمیر کا حل اقوام متھدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی چاہتی ہے اور آر پار کشمیریوں کی متفقہ نمائندہ قیادت آل پارٹیز حریت کانفرنس کے قائدین نے مسئلہ کشمیر کے پرامن اور ٹھوس بنیادوں پر حل کے لیے جو موقف اختیار کیا ہے بیس کیمپ کی عوامی حکومت بھی وہی موقف رکھتی ہے۔ ہم دو طرفہ مذاکرات اور باہمی تجارت کے ہر گز مخالف نہیں ہیں۔ باہمی اعتماد سازی کے اقدامات جاری رہنے چاہیے اور آر پار کشمیریوں کے میل جول میں اضافے کے لیے مزید راستے بھی کھلنے چاہیے لیکن ایسے اقدامات کشمیریوں کے حق خودارادیت سے دستبردار ہونے کی بنیاد پر نہیں ہو سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق سے ٹیلیفونک گفتگو میں کیا۔ 

چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام اسلام اور پاکستان کے نام پر بھارتی قابض افواج کے ظلم و بربریت، بندوقوں اور سنگینوں کے سایہ میں بھی اسلام اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کر کے پاکستان سے اپنی محبت و عقیدت کا والہانہ اظہار کرتے ہیں اور کشمیری عوام سمجھتے ہیں کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔


خبر کا کوڈ: 197294

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/197294/حق-خودارادیت-پر-کوئی-سمجھوتہ-نہیں-کرینگے-عبدالمجید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org