0
Friday 21 Sep 2012 21:48

توہین آمیز امریکی فلم ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے خلاف صہیونی سازش ہے، زاہد علی آخونزادہ

توہین آمیز امریکی فلم ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے خلاف صہیونی سازش ہے، زاہد علی آخونزادہ
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے کہا ہے کہ پیغمبر خُدا، سرور انبیاء، حضور احمد مجتبیٰ حضرت محمد مصطفی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی پر مبنی امریکی فلم ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے خلاف صہیونی سازش کا حصہ ہے، جس کا مقصد مذاہب عالم میں اختلافات کو بڑھا کر دنیا کے امن کو تہہ و بالا کرنا ہے جبکہ اس معاملے پر امریکی حکومت کی خاموشی مذکورہ سازش کی واضح پُشت پناہی ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ ان خیالات کا اظہا انہوں نے علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھر کی طرح پشاور میں شیعہ علماء کونسل اور جے یو پی کی مشترکہ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ شاتمین رسول (ص) نے گستاخانہ فلم بنا کر اہل اسلام کے جذبات کو مجروح کیا تاہم یہ سازش اب خود امریکہ کے گلے میں پھندے کی صورت اختیار کر گئی ہے اور اب امریکہ کے دن گنے جا چکے ہیں، وہ بہت دیر تک اب دنیا بھر پر اپنی تھانیداری قائم نہیں رکھے سکے گا کیونکہ ایک جانب مسلمانان ِ عالم خاتم النبین (ص) کی ذات اقدس کی برکت سے متحد ہو کر امریکہ کے خلاف دنیا بھر میں سراپا احتجاج بن چکے ہیں تو دوسری جانب دنیا بھر میں مسیحوں، ہندووں اور سکھوں سمیت دیگر مذاہب کے پیروکار بھی اس فلم کو سازش قرار دے کر امریکہ کی مذمت کر رہے ہیں۔ 

اُنہوں نے کہا کہ اہل تشیع اور اہل سُنت کی یہ مشترکہ ریلی اس امر کی عکاس ہے کہ اہل اسلام میں کوئی اختلاف نہیں جبکہ یہی ریلی امریکہ کیلئے ایک چیلج بھی ہے کہ اہل اسلام امریکہ اور اسرائیل کو مشترکہ طور اپنا مذہبی دشمن سمجھتی ہیں۔ اور وہ دن دور نہیں کہ جب دنیا بھر کی اسلامی ریاستیں مل کر سب سے بڑے دہشت گرد امریکہ کو نکیل ڈال دیں گی۔ اُنہوں نے او آئی سی اور اقوام متحدہ کی خاموشی کو بھی ہدف تنقید بنایا اور اقوام عالم کے قوانین پر اظہار رائے کے امریکی قانون کو ترجیح دینے کی مذمت کی جبکہ اُنہوں نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی اسلامی ریاستوں سے گستاخی ِ رسول (ص) کے معاملے پر عالم اسلام سے معافی مانگنے تک امریکہ سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے اور  شاتمین کو قرار واقعی سزاء دینے کا بھی مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 197370
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش