QR CodeQR Code

دہشتگردی کے مکمل خاتمہ تک کامیابیوں کا تسلسل ضروری ہے، جنرل کیانی

22 Sep 2012 11:13

اسلام ٹائمز: جنوبی وزیرستان کے موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمیں دہشتگردی کی لعنت کا مکمل طور پر خاتمہ کرنا ہے اور اس مقصد کے لئے علاقے کے لوگوں کی حمایت اور ترقی اتنی ہی ضروری ہے جتنا دہشتگردوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن ناگزیر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی مکمل شکست تک فوج قبائلی علاقوں سے واپس نہیں جائے گی، دہشت گردی کے خلاف حاصل کی گئی حالیہ کامیابیوں کو پائیدار بنانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو جنوبی وزیرستان کے دورے کے موقع پر علاقے میں تعنیات مختلف فارمیشنز اور یونٹس کے کمانڈنگ آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق فوج نے قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف حال ہی میں جو کامیابیاں حاصل کی ہیں، انھیں پائیدار بنانا بہت ضروری ہے، کیونکہ ہمیں دہشت گردی کی لعنت کا مکمل طور پر خاتمہ کرنا ہے اور اس مقصد کے لئے علاقے کے لوگوں کی حمایت اور ترقی اتنی ہی ضروری ہے جتنا دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن ناگزیر ہے۔ 

جنرل کیانی نے اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوانوں اور افسران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف کو اس موقع پر علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا، جس پر انہوں نے اظہار اطمینان کیا۔ اس سے قبل جب وہ ڈی آئی خان پہنچے تو کور کمانڈر لیفٹینینٹ جنرل خالد ربانی نے ان کا استقبال کیا۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور شدت پسندی کی لعنت کے مکمل سدباب تک کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھنا بہت اہم ہے۔ انہوں نے جمعہ کے روز جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا۔ انہوں نے وہاں متعین یونٹوں اور کمانڈنگ افسران سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے انسداد کیلئے عوام کی حمایت اور ترقیاتی کام فوجی آپریشن جتنے ہی اہم ہیں۔ انہوں نے ان علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف فوج کی قربانیوں کی تعریف کی۔


خبر کا کوڈ: 197509

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/197509/دہشتگردی-کے-مکمل-خاتمہ-تک-کامیابیوں-کا-تسلسل-ضروری-ہے-جنرل-کیانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org