QR CodeQR Code

گوجرانوالہ، جماعت اسلامی کی احتجاجی ریلی، امریکی پرچم نذر آتش

22 Sep 2012 17:28

اسلام ٹائمز: ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع گوجرانوالہ کے امیر ڈاکٹر عبیداللہ گوہر نے کہا کہ جب تک ملعون پادری اور فلم ساز اپنے انجام تک نہیں پہنچ جاتے مسلمان چین سے نہیں بیٹھیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی ضلع گوجرانوالہ ڈاکٹر عبیداللہ گوہر نے کہا کہ ہم اپنے نبی (ص) کی ناموس پر پروانوں کی طرح کٹ مرجائیں گے، انشا اللہ گستاخ رسول (ص) ہمیشہ کی طرح حرام کی موت اور عبرتناک انجام سے دوچار ہونگے، حکمران اگر عشق رسول (ص) کے دعوے میں سچے ہیں تو امریکی، جرمنی، فرانسیسی سفیروں کو ملک بدر اور امریکہ و یورپ کے ساتھ سفارتی تعلقات کا بائیکاٹ کردیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی گوجرانوالہ کے زیراہتمام حرمت رسول (ص) ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر نائب اُمراء اقبال حسین قریشی، محمد سلیم لون، جاوید اقبال، حمید الدین اعوان، جنرل سیکرٹری صدیق احسن بٹ اور صدر محمد فرقان عزیز بٹ نے بھی خطاب کیا۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ علمائے کرام انبیاء (ع) کے وارثین ہیں، پاکستان میں نظام مصطفیٰ (ص) قائم کرنے کے لیے تن من دھن کی بازی لگادیں گے، اس فلم سے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم (ص) کے خاکے اور توہین آمیز فلمیں کھلی اسلام دشمنی اور مسلمانوں کیخلاف اعلان جنگ ہے، جب تک ملعون پادری اور فلم ساز اپنے انجام تک نہیں پہنچ جاتے مسلمان چین سے نہیں بیٹھیں گے۔


خبر کا کوڈ: 197636

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/197636/گوجرانوالہ-جماعت-اسلامی-کی-احتجاجی-ریلی-امریکی-پرچم-نذر-آتش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org