QR CodeQR Code

ہیلری کلنٹن اور امریکی صدر اوباما مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں، اسد اللہ بھٹو

22 Sep 2012 17:39

اسلام ٹائمز:حیدرآباد میں حیدر چوک پر جماعت اسلامی کے تحت ہونے والے تحفظ ناموس رسالتؐ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ مسلمان اپنا سر تو کٹوا سکتا ہے مگر اپنے نبی ؐ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پاکستان گستاخانہ فلم کیخلاف زبردست احتجاج کرتے ہوئے امریکی سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیکر احتجاجاً ملک بدر کرے، ہیلری کلنٹن اور امریکی صدر اوباما مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ عام تعطیل کا اعلان قوم کے جذبات کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش ہے۔ صدر پاکستان اپنے دورہ انگلینڈ و امریکہ میں گستاخانہ فلم پر امریکہ سے سخت احتجاج کرتے ہوئے اس مکروہ عمل پر امریکہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں حیدر چوک پر جماعت اسلامی کے تحت ہونے والے تحفظ ناموس رسالتؐ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مقامی امیر شیخ شوکت و دیگر مقامی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

اسد اللہ بھٹو نے مزید کہا کہ گستاخانہ فلم بنانے والوں کو خود امریکی حکومتی سرپرستی حاصل ہے کیونکہ سی آئی اے اور دیگر امریکی مفادات کیخلاف بننے والی فلموں کو یوٹیوب سے ہٹایا گیا لیکن گستاخانہ فلم کو ہٹانے کے بجائے وکالت کرنے پر بضد ہے جو کہ ان کی اسلام دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عاشق رسول ﷺ ممتاز قادری جیل میں ہے جبکہ امت کے قاتل امریکی دہشتگرد ریمنڈ ڈیوس کو مقدمات سے آزاد کرکے امریکہ بھیجا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مسلمان چاہے کتنا ہی گنہگار کیوں نہ ہو وہ اپنا سر تو کٹوا سکتا ہے مگر اپنے نبی ﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔


خبر کا کوڈ: 197641

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/197641/ہیلری-کلنٹن-اور-امریکی-صدر-اوباما-مگر-مچھ-کے-آنسو-بہا-رہے-ہیں-اسد-اللہ-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org