QR CodeQR Code

گستاخانہ فلم، عالمی امن اور مذہبی ہم آہنگی کیخلاف سازش ہے ، سردار عتیق

23 Sep 2012 11:01

اسلام ٹائمز: اپنے ایک بیان میں مسلم کانفرنس کے صدر کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات کو اشتعال دلانا عالمی امن کے خلاف سازش ہے۔ ناموس رسالت (ص) کی خاطر صدیوں سے جانیں قربان کرتے چلے آ رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم کانفرنس کے صدر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسلمان صدیوں سے ناموس رسالت (ص) کی خاطر جانیں قربان کرتے آ رہے ہیں۔ آزادی اظہار کی آڑ میں ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کو اشتعال دلانا عالمی امن اور مذہبی ہم آہنگی کے خلاف عالمی سازش ہے۔ مسلمانوں کو اپنے جذبات پر قابو رکھ کر پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ پرتشدد واقعات سے اہل پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یوم عشق رسول (ص) کے موقع پر ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں، توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کے واقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ بدنام ملعون پادری ٹیری جونز کی فلم اور فرانسیسی جریدے میں ناپاک خاکوں کی اشاعت مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے کی جسارت ہے۔ 

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ نائن الیون کے بعد اسلام اورمسلمانوں کو بدنام اور کمزور کرنے کی تمام مبینہ سازشوں کے پیچھے کئی قوتیں کارفرما ہیں۔ ایسے شرمناک اقدامات کا مقصد مسلمانوں کے اشتعال کو بھڑکانہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں پرامن راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ ایسے احتجاجی مظاہروں کا مقصد دنیا کی توجہ مبذول کروانا ہے۔ پرتشدد احتجاج سے انتہا پسندی کو تقویت ملے گی جس کی وجہ سے ہمارا ملک پہلے ہی بدنام ہو رہا ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ مغرب اور غیر مسلم انتہا پسند کا مسلمانوں کی دل آزاری کے بہانے ڈھونڈنے کا مقصد اسلام اور مسلمانوں کو بدنام اور کمزور کرنے کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ سردار عتیق نے کہا کہ ہمارا ملک اس وقت کئی عالمی اور اندورنی خطرات میں ہے۔ ہمیں پرامن بقائے باہمی اور مذہبی ہم آہنگی کو اپنانا چاہیے۔ مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان تنائو اور کشیدگی میں مسلسل اضافہ کسی کے فائدے میں نہیں ہے بلکہ ایسے منفی اقدامات اور پرتشدد واقعات ہمارے مذہب اور ملک کے خلاف سازشیں ہیں انھیں حکمت علمی اور اتحاد کی قوت سے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 197803

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/197803/گستاخانہ-فلم-عالمی-امن-اور-مذہبی-ہم-آہنگی-کیخلاف-سازش-ہے-سردار-عتیق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org