0
Monday 24 Sep 2012 12:37

پاکستانی وزیر کا بیان جارحانہ اور قابل مذمت، ذمہ دار رہنما تشدد کیخلاف کھڑے ہوں، امریکی محکمہ خارجہ

وزیر ریلوے کا بیان پاکستان کی سرکاری پالیسی نہیں، دفتر خارجہ
پاکستانی وزیر کا بیان جارحانہ اور قابل مذمت، ذمہ دار رہنما تشدد کیخلاف کھڑے ہوں، امریکی محکمہ خارجہ
اسلام ٹائمز۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزیر غلام احمد بلور کا بیان جارحانہ اور قابل مذمت ہے۔ واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پرتشدد مظاہروں کے بعد ضروری ہے کہ ذمہ دار رہنما تشدد کیخلاف کھڑے ہوں۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ صدر اوباما اور وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن پہلے ہی اس معاملے پر اپنا موقف واضح کرچکے ہیں، جس میں امریکی حکومت کی اس فلم سے مکمل لاتعلقی بیان کی گئی ہے۔ وزیر ریلوے غلام احمد بلور کا گستاخانہ فلم بنانے والے کے قتل پر انعامی رقم کا اعلان نہایت حیران کن تھا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ غلام احمد بلور کے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ پاکستانی وزیر کا بیان جارحانہ اور قابل مذمت ہے، ذمہ دار رہنما تشدد کے خلاف کھڑے ہوں۔

 ادھر دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر ریلوے غلام احمد بلور کا بیان پاکستان کی سرکاری پالیسی نہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ معظم احمد خان نے کہا ہے کہ گستاخانہ فلم کے پروڈیوسر کے سر کی قیمت لگانا وزیر ریلوے کا ذاتی بیان ہے۔ غلام احمد بلور کا بیان پاکستان کی سرکاری پالیسی نہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے گستاخانہ فلم کے پروڈیوسر کو قتل کرنے والے کو ایک لاکھ ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔

دیگر ذرائع کے مطابق امریکہ نے وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلو ر کی جانب سے امریکی پادری کے قاتل کو ایک لاکھ ڈالر دینے کے اعلان کی سخت مذمت کی ہے۔ امریکی دفتر خارجہ کے ایک اہلکار نے غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ امریکی صدر بارک اوباما اور وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن توہین آمیز فلم کو جارحانہ، قابل اعتراض اور ناقابل قبول قرار دے چکے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اس کی آڑ میں تشدد کو ہوا دی جائے۔ امریکی اہلکار کا کہنا تھا کہ غلام احمد بلور کا اعلان اشتعال انگیز اور غیر مناسب ہے، جس سے وزیراعظم پاکستان نے بھی لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے گستاخانہ فلم بنانے والے ملعون کو قتل کرنیوالے کو ایک لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا تھا۔ گستاخ فلم ساز کو قتل کر دیا جائے تو آئندہ ایسا کوئی اقدام نہیں کریگا، ہفتہ کو پشار میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ کوئی بھی مسلمان آقائے دو جہاں کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا، تمام مسلم امہ کو متحد ہوکر ایسے واقعات کیخلاف آواز بلند کرنی چاہیے، آج ہم متحد نہیں ہونگے تو طاغوتی طاقتیں ہم پر حاوی ہونے کی کوشش کرتی رہیں گی
انہوں نے گستاخانہ فلم بنانے والے ملعون کو قتل کرنیوالے کیلئے ایک لاکھ ڈالر کے انعان کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی اس ملعون کو قتل کر دیا جائے تو آئندہ کوئی بھی ایسا اقدام نہیں کریگا، قتل کرنیوالے کو ہم نوٹوں سے لاد دینگے۔ انہوں نے کہا کہ شان رسالت (ص) میں مزید گستاخی برداشت نہیں کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 198130
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش