0
Monday 24 Sep 2012 19:53
ناموس رسالت (ص) کیلئے بھرپور احتجاج سیکولر ایجنڈا مسلط کرنے والی قوتوں کیلئے واضح پیغام ہے

حکمرانوں نے انتخابات ملتوی کرنے کی سازش کی تو ملک بھر میں سول نافرنی کی تحریک شروع ہو سکتی ہے، لیاقت بلوچ

حکمرانوں نے انتخابات ملتوی کرنے کی سازش کی تو ملک بھر میں سول نافرنی کی تحریک شروع ہو سکتی ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے واضح کیا ہے کہ اگر حکمرانوں نے کسی بھی بہانے انتخابات ملتوی کرنے کی سازش کی تو ملک بھر میں سول نافرنی کی تحریک شروع ہو سکتی ہے۔ جماعت اسلامی نے عبوری حکومت کے لئے کچھ نام اپوزیشن لیڈر چودھری نثار کو دئیے ہیں۔ توہین رسالت (ص) پر مبنی امریکی فلم کےخلاف ملک گیر اور عظیم الشان احتجاج نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے غیور مسلمان شان رسالت (ص) کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور ملک میں زبردستی سیکولر ایجنڈےکو مسلط کرنے والی قوتوں کے لئے بھی یہ واضح پیغام ہے کہ وہ پاکستان کے اسلامی تشخص کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں سے باز آجائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز المرکز اسلامی پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔

جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے قائمقام امیر شبیر احمد خان، جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امراء مشتاق احمد خان، معراج الدین خان ایڈووکیٹ، جماعت اسلامی فاٹا کے امیر صاحبزادہ ہارون الرشید، جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ ایڈووکیٹ اور جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحراللہ خان ایڈوکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ توہین رسالت (ص) پر مبنی امریکی فلم کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے بیان کا جماعت اسلامی خیرمقدم کرتی ہے تاہم اس کا فائدہ اس وقت ہوگا جب اس حوالے سے عملی اقدامات کیے جائیں اور بین الاقوامی سطح پر حضور اکرم (ص) سمیت تمام انبیاء کرام کی توہین کو روکنے اور ایسی انسانیت سوز حرکتوں میں ملوث عناصر کو سزائیں دینے کے لئے باقاعدہ قانون سازی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پُرامن احتجاج پر یقین رکھتی ہے اور احتجاج کے دوران کسی کی جان و مال کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے تاہم انہوں نے کہا کہ بعض نام نہاد دانشور ٹیلی وژن چینلز پر بیٹھ کر توہین رسالت (ص) کے خلاف تاریخی اور عظیم الشان احتجاج کی اہمیت کو بعض پُرتشدد واقعات کا بار بار ذکر کرکے کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور لوگوں کی توجہ اصل مسئلے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے جمعہ کے روز جو فقید المثال ہڑتال اور احتجاج کیا ہے اور ہر شہر میں لاکھوں کی تعداد میں عوام نے سڑکوں پر آکر حضور اکرم (ص) کے ساتھ اپنی والہانہ عقیدت اور محبت کا اظہار کیا جماعت اسلامی اس پر قوم کو سلام پیش کرتی ہے۔ 

لیاقت بلوچ نے کہا کہ دراصل کرپٹ اور نااہل حکمرانوں نے عوام کو جو دکھ دئیے ہیں اور عام لوگوں کے ساتھ وطن عزیز میں جو ناانصافیاں ہو رہی ہیں اور اس حوالے سے عوام کے دل اور دماغ میں جو غصہ ہر وقت موجود رہتا ہے وہ احتجاجی تحریکوں کے دوران بعض اوقات تشدد کا رُخ اختیار کر لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف امریکہ کا دشمنانہ رویہ کھل کر سامنے آگیا ہے اور آئندہ بھی اگر کسی نے اسلامی شعائر اورحضور اکرم (ص) کی شان میں گستاخی کی تو پوری اُمت مسلمہ اس سے بھی شدید احتجاج کرےگی۔ 

انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکہ اسلام مخالف فلم پر اُمت مسلمہ سے معافی مانگے اور فلم کی تیاری میں ملوث تمام عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ جب ان سے وفاقی وزیر اور اے این پی کے رہنماء غلام احمد بلور کے توہین رسالت (ص) پر مبنی امریکی فلم بنانے والے کو قتل کرنے کے لئے ایک لاکھ ڈالر دینے کے اعلان پر تبصرہ کرنے کو کہا گیا تو انہوں نے کہا کہ توہین رسالت (ص) پر مبنی امریکی فلم سے ہر مسلمان دکھی ہے اور ہر کوئی اپنے اپنے انداز میں اس پر ردعمل کا اظہار کر رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 198259
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش