QR CodeQR Code

الطاف حسین اور پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی کے درمیان ٹیلیوفونک رابطہ

25 Sep 2012 20:02

اسلام ٹائمز: دونوں رہنماؤں نے گستاخانہ فلم کے خلاف 21 ستمبر کو یوم عشق رسول (ص) کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں مذہبی انتہا پسند عناصر کی جانب سے تشدد، دہشت گردی اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور مردان میں چرچ کو نذرآتش کرنے کے واقعہ کی بھی شدید مذمت کی۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اور پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی کے درمیان ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی۔ گفتگو ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہی جس کے دوران دونوں رہنماؤں کے مابین پاکستان کے عمومی حالات، ملکی و بین الاقوامی صورتحال، بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی حوالے سے بھی مختلف موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ الطاف حسین نے علامہ طاہر اشرفی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں بڑھتی ہوئی مذہبی انتہا پسندی، فرقہ وارانہ قتل و غارت گری، مذہبی اقلیتوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں، تشدد اور عدم برداشت کے واقعات میں اضافہ پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے گستاخانہ فلم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اظہار رائے کی آزادی کے اصولوں کے صریحاً خلاف قرار دیا۔

انہوں نے گستاخانہ فلم کے خلاف 21 ستمبر کو یوم عشق رسول (ص) کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں مذہبی انتہا پسند عناصر کی جانب سے تشدد، دہشت گردی اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور مردان میں چرچ کو نذر آتش کرنے کے واقعہ کی بھی شدید مذمت کی اور ان واقعات میں جانی و مالی نقصانات پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تشدد اور دہشت گردی کی یہ کارروائیاں عشق رسول (ص) کا مظاہرہ نہیں بلکہ اس سے دنیا میں اسلام اور پاکستان کی مزید بدنامی ہوئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 198615

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/198615/الطاف-حسین-اور-پاکستان-علماء-کونسل-کے-سربراہ-علامہ-طاہر-اشرفی-درمیان-ٹیلیوفونک-رابطہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org