QR CodeQR Code

غلام احمد بلور پر حملہ نہیں کیا جائیگا، کالعدم تحریک طالبان مہربان ہو گئی

26 Sep 2012 21:33

اسلام ٹائمز:احسان اللہ احسان کی جانب سے وفاقی وزیر ریلوے کے توہین آمیز فلم بنانے والے کی سر کی قیمت مقرر کرنے کا خیر مقدم، اپنی ہٹ لسٹ سے غلام احمد بلور کا نام خارج کر دیا ہے، عوامی نیشنل پارٹی کے دیگر رہنما بدستور فہرست میں شامل رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور کی طرف سے توہین آمیز فلم بنانے والے کی سر کی قیمت مقرر کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اعلان کے نتیجہ میں ان پر حملہ نہیں کیا جائیگا۔ تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان احسان اللہ احسان نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ تنظیم کے مرکزی شوری ٰنے ایک فیصلہ میں یہ اعلان کیا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے اور عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما غلام بلور کی طرف سے توہین آمیز فلم بنانے والے امریکی شہری کی سر کی قیمت مقرر کرنے پر ان کا نام اس فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے جس میں ان کو نشانہ بنایا جانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ غلام احمد بلور نے اس متنازع فلم پر ایک غیرت مندانہ اور جرت مندانہ موقف اختیار کیا ہے جس پر اگر انہوں نے آئندہ بھی طالبان کے خلاف کوئی بیان دیا تو ان کو کچھ نہیں کہا جائے گا۔ طالبان ترجمان کے مطابق اس اعلان میں عوامی نیشنل پارٹی کے دوسرے رہنما شامل نہیں ہیں کیونکہ یہ بیان ان کا ذاتی موقف تھا اور اس میں پارٹی کا کوئی موقف شامل نہیں تھا۔ان کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے دیگر رہنما بدستور ان کیے فہرست میں شامل ہونگے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیِر ریلوے غلام احمد بلور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ متنازع فلم ساز کو جو بھی قتل کرے گا وہ اسے ایک لاکھ ڈالر انعام دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 198868

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/198868/غلام-احمد-بلور-پر-حملہ-نہیں-کیا-جائیگا-کالعدم-تحریک-طالبان-مہربان-ہو-گئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org