QR CodeQR Code

او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کی باز گشت

27 Sep 2012 23:05

اسلام ٹائمز: اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب، نائیجریا اور ترکی کے وزراء خارجہ نے شرکت کی جبکہ آزاد کشمیر کے صدر سردار یعقوب خان اور میر واعظ عمر فاروق بطور مبصر کانفرنس میں شریک ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی ممالک کے مشترکہ پلیٹ فارم ”او آئی سی“ رابطہ گروپ کے اجلاس کے دوران مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی بازگشت سنائی دی جبکہ سیکرٹری جنرل اکمل الدین احسن اگلو نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا کہ وہ اس تنازعہ کو کشمیری عوام کی خواہشات اور جذبات کو مدنظر رکھ کر حل کریں، اس دوران پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی نے واضح کیا کہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی تحریک نے نئی رفتار پکڑ لی ہے، ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق اجلاس کے موقع پر اسلامی ممالک کی مشترکہ تنظیم ”او آئی سی“ رابطہ گروپ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان، سعودی عرب، نائیجریا اور ترکی کے وزراء خارجہ نے شرکت کی جبکہ آزاد کشمیر کے صدر سردار یعقوب خان اور کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق بطور مبصر کانفرنس میں شریک ہوئے۔
 
اجلاس کے دوران کشمیر تنازعہ کو حل کرنے کی گونج بھی سنائی دی جبکہ اس دیرینہ مسئلہ کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کی وکالت کی گئی، اس موقعہ پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اکمل الدین احسن اگلو نے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کی حمایت کرتے ہوئے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اس ضمن میں اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کو پورا کرنے سے متعلق مثبت رول ادا کرے، انہوں نے کشمیری عوام کی تحریک کو مبنی بر صداقت قرار دیتے ہوئے پاکستان اور بھارت پر زور دیا کہ وہ اس مسئلے کو عوامی احساسات کو مدنظر رکھتے ہوئے حل کرنے میں پہل کریں۔


خبر کا کوڈ: 199073

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/199073/او-آئی-سی-رابطہ-گروپ-کے-اجلاس-میں-مسئلہ-کشمیر-کی-باز-گشت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org