0
Friday 28 Sep 2012 18:18

لاہور میں مساجد، امام بارگاہوں اور مزارات کی سکیورٹی سخت کر دی گئی

لاہور میں مساجد، امام بارگاہوں اور مزارات کی سکیورٹی سخت کر دی گئی
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے شہر کی معروف مساجد، مزارات، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں پر ممکنہ حملوں کے خدشات کے پیش نظر سکیورٹی کے انتظامات کو سخت کرتے ہوئے اضافی نفری تعینات کی گئی۔ جمعتہ المبارک کے موقع پر شہر کی مصروف مساجد، مزارات امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کے باہر سکیورٹی کو مزید سخت کرتے ہوئے اضافی نفری تعینات کی گئی۔ برلب سڑک مساجد کی ٹریفک کو یکطرفہ کر کے قناعتیں لگائی گئیں اور نمازیوں کے لئے گاڑیاں پارک کرنے کے لیے مساجد سے کئی گز فاصلہ پر جگہ فراہم کی گئی۔ خصوصاٍ داتا دربار، بی بی پاک دامن اور کربلا گامے شاہ کے اندر داخل ہونے کیلئے واک تھرو گیٹس کے علاوہ میٹل ڈیٹکٹر استعمال کیے جن کے ساتھ ساتھ خواتین کے ہینڈ بیگز کی تلاشی لینے اور اطمینان ہونے کے بعد اندر داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔

کیپٹل سٹی پولیس آفیسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مان کی حفاظت اور امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنا پولیس کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے اور ہم اپنی ذمہ داریوں کو پوری طرح نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ کہا کہ سکیورٹی کے معاملے میں کسی قسم کا رسک لینے کی پوزیشن میں نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے تمام ڈویژنوں کے آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ سکیورٹی کے معاملات کو سب سے زیادہ اہمیت دیں اس حوالے سے تمام تھانوں کے انچارجوں کو ہدایت کی گئی تو وہ اپنے علاقوں کی مساجد کے اماموں، خطیبوں اور مساجد کی کمیٹیوں کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کر کے انہیں سختی سے ہدایت دیں کہ مساجد کے سپیکرز کو اذان کے لئے استعمال کیا جائے اور کسی بھی مسلک کے خلاف مشتعل کرنے والے بیان بازی اور کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز لٹریچر سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکیورتی کے حوالے سے انہیں ہدایت دی گئی ہیں کہ مساجد کے باہر پولیس اہلکاروں کے علاوہ مساجد کی انتظامیہ اپنے سکیورٹی گارڈ تعینات کرے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مساجد کے صرف ایک گیٹ کو آمدورفت کیلئے استعمال کیا جائے دیگر تمام دروازوں کو نماز جمعہ سے قبل بند کر دیا جائے۔ مساجد انتظامیہ کے سکیورٹی گارڈ اجنیوں پر کڑی نگاہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکٹ سکیورٹی اور چیکنگ کے انتظامات کو سخت کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سی ٹی وی کیمرے میٹل ڈیٹکٹر استعمال کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معمولی شک گزرنے پر گاڑی سے لوگوں کو اتار کر مکمل تلاشی کے بعد شہر میں داخلے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے معاملے میں تمام ڈویژنوں کے افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ انتظامات کی خود نگرانی کریں اور اس حوالے سے غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائیں۔
خبر کا کوڈ : 199249
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش