QR CodeQR Code

ملک بھر میں جاری ٹارگٹ کلنگ میں امریکی سفارتخانہ اور قونصلیٹ ملوث ہیں، علامہ ناصر عباس

28 Sep 2012 21:13

اسلام ٹائمز: لاہور پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ کراچی میں شیعہ آبادیوں پر متعصب پولیس انتظامیہ کے چھاپے، یہ سب ایک عالمی سازش کا حصہ ہیں جس میں امریکہ، اسرائیل اور انڈیا سمیت بدنام زمانہ دہشت گرد جاسوس ایجنسی بلیک واٹر، سی آئی اے، را اور موساد ملوث ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے لاہور پریس کلب میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی اس اہم پریس کانفرنس کا مقصد ملت جعفریہ کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کی مذمت اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری نیز اس سازش کے پس پردہ مقاصد کو سامنے لانے کیلئے اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں شہر کراچی میں پان منڈی میں تین باپ بیٹوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ فیڈرل بی ایریا بلاک 17 کے رہائشی ظہیر عباس کو بھی ٹارگٹ کلنگ میں شہید کر دیا گیا اور اسی طرح چند گھنٹوں کے بعد گولیمار کے رہائشی زاہد زیدی بھی کالعدم دہشت گرد گروہوں کی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ ادھر کوئٹہ میں بھی شہر کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک ڈپٹی ڈائریکٹر محمد محسن کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ دہشت گردی کے ان واقعات کے ساتھ ہی ساتھ نارتھ کراچی بندھ بازار میں تین بھائیوں پر فائرنگ کی گئی، جس میں ایک شہید ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 7 شیعہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ میں ریاستی اداروں کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہ ملوث ہیں، جو اپنے غیر ملکی آقا امریکہ اور اسرائیل کے مفادات اور مملکت خداداد پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی گھناؤنی کوششوں میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ کے عمائدین کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ دراصل امریکی و اسرائیلی گماشتوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ملت جعفریہ پاکستان کی جانب سے اہانت پیغمبر اکرم (ص) کے خلاف پرامن اور کامیاب احتجاج میں کہ جس کے دوران امریکی سفارتخانوں پر لبیک یارسول اللہ کے پرچم لہرائے گئے جبکہ 21 ستمبر کو لوگ مال غنیمت لوٹنے میں مصروف رہے۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ملت جعفریہ پاکستان کا عظیم الشان اور پرامن احتجاج یقیناً امریکی ایوانوں میں ناگوار گزرا، جس کے باعث ملک میں موجود مقامی امریکی و صیہونی ایجنٹوں کو کھلی چھٹی دے دی گئی، تاکہ وہ ملت جعفریہ کے عمائدین کا قتل عام کریں اور ملت تشیع کو فرقہ وارانہ جنگ میں دھکیلے کی سازش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ملت جعفریہ کی تاریخ ہمیشہ سنہرے الفاظ میں رقم کی گئی ہے اور ملت تشیع ریاستی اداروں اور امریکی ایجنٹوں کی جانب سے ملت جعفریہ کو فرقہ وارانہ جنگ میں دھکیلنے کی کوشش کو ناکام بنا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ توہین آمیز اسلام مخالف امریکی فلم کہ جس میں پیغمبر ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفٰی (ص) اور ام المومنین حضرت خدیجہ الکبری (س) سمیت صحابہ کرام کی اہانت کی گئی اور اس شیطانی حرکت کے بعد دنیا بھر میں مسلم امہ متحد ہو کر اسلام کے دیرینہ دشمن امریکہ اور عالمی صیہونزم کے خلاف برسرپیکار ہو گئی، اسی طرح سرزمین پاکستان جو اسلام کا قلعہ ہے، پاکستان میں بھی مسلم امہ متحد ہو کر تمام تفریق کو مٹا کر اہانت پیغمبر اکرم (ص) کے خلاف متحد ہوئی اور تحفظ ناموس رسالت کی عظیم الشان تحریک کا آغاز ہوا، جس کے پہلے مرحلے میں 16 ستمبر کو امریکن قونصلیٹ کراچی کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں امریکی دہشت گردوں کی فائرنگ سے ہم نے ایک شہادت بھی پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ جی ہاں، سید علی رضا تقوی جو امریکن قونصلیٹ کے اندر تعینات سکیورٹی اداروں کے افراد کی براہ راست فائرنگ سے جام شہادت نوش کر گئے، اس کے اگلے روز 17 ستمبر کو زندہ دلان لاہور نے امریکی قونصلیٹ پر لبیک یارسول اللہ (ص) کا پرچم لہرایا اور امریکی پرچم کو اتار کر قونصلیٹ کے گیٹ پر کھڑے ہو کر صحافی بھائیوں کی نگاہوں کے سامنے جلایا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد 21 ستمبر کو حکومت کی جانب سے اعلان کئے گئے یوم عشق رسول (ص) کے موقع پر بھی امت مسلمہ پاکستان متحد ہو کر عالمی استعمار امریکہ اور صیہونزم کے خلاف سراپا احتجاج تھی کہ یکایک کالعدم گروہوں کے سرغنہ عناصر نے امریکی واسرائیلی ایما پر امت کے اتحاد کو اس وقت پارہ پارہ کرنے کی کوشش کی جب امت اللہ کے پیارے حبیب اور رحمۃللعالمین حضرت محمد مصطفی (ص) سے اپنے والہانہ عشق کا اظہار کر رہے تھے کہ اچانک کچھ دہشت گرد عناصر نے ملک بھر میں جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ کرکے عشق رسول (ص) اور خالص اسلام محمدی (ص) کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی گھناؤنی سازش کی۔

انہوں نے کہا کہ اس سازش کا اظہار وزیر داخلہ رحمان ملک نے اپنے ایک بیان میں بھی بڑی وضاحت کے ساتھ کیا کہ یوم عشق رسول (ص) کے موقع پر کالعدم دہشت گرد گروہوں نے ہنگامے برپا کئے اور عشق رسول (ص) کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ توہین رسالت (ص) کے خلاف ملت جعفریہ کے کامیاب اور پرامن احتجاج کے سلسلہ کے بعد ملک میں بڑھتی ہوئی شیعہ سنی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کیلئے ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ تیز کر دیا گیا، جس میں براہ راست امریکی سفارتخانے اور قونصلیٹ ملوث ہیں، جس کا واضح ثبوت ہم نے شہر کراچی کی طرح کوئٹہ اور ملک کے دوسرے شہروں میں دیکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کبھی امریکی ایجنٹوں نے سفارتخانوں سے ملنے والی ہدایات کے مطابق یوم عشق رسول (ص) کو سبو تاژ کرنے کی گھنانی سازش کی ہے تو کبھی شہر بھر میں ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے اہانت پیغمبر اکرم (ص) کے خلاف اٹھنے والی تحفظ ناموس رسالت (ص) کی تحریک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ شہر کراچی سمیت کوئٹہ اور دیگر شہروں میں جہاں کہیں بھی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے، اس میں براہ راست امریکی سفارتخانہ اور قونصلیٹ ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ملک میں جاری ملت جعفریہ کی ٹارگٹ کلنگ اور پھر کراچی میں شیعہ آبادیوں پر متعصب پولیس انتظامیہ کے چھاپے یہ سب ایک عالمی سازش کا حصہ ہیں۔ جس میں امریکہ، اسرائیل اور انڈیا سمیت بدنام زمانہ دہشت گرد جاسوس ایجنسی بلیک واٹر، سی آئی اے، را اور موساد ملوث ہیں اور ان دہشت گرد ٹولوں کے مقامی ایجنٹ خواہ وہ سیاسی لباس میں ہوں یا مذہبی لباس میں، دونوں ہی موجود ہیں اور سرزمین پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کو عملی جامہ پہنانے میں مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس انتظامیہ میں چند کالی بھیڑیں موجود ہیں، جو ایک طرف تو ملت جعفریہ کے بےگناہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گرد امریکی ایجنٹ ٹولے کو گرفتار کرنے سے قاصر ہیں تو دوسری طرف ملت جعفریہ کے نوجوانوں کو گرفتار کرکے دیوار سے لگانے کی سازش میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور ملت جعفریہ کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث امریکی وصیہونی ایجنٹ دہشت گرد ٹولے کو بے نقاب کرکے گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہم صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چوہدری اور چیف آف آرمی اسٹاف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گزشتہ دنوں کے دوران 7 شیعہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر شیعہ عمائدین کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے اور پولیس انتظامیہ میں موجود امریکی ایجنٹوں کو لگام دی جائے۔ 

ہم صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چوہدری اور چیف آف آرمی اسٹاف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ 16 ستمبر کو کراچی میں امریکن قونصلیٹ کے باہر پرامن احتجاج کرتے ہوئے ناموس رسالت (ص) کیلئے شہید ہونے والے سید علی رضا تقوی شہید کے قاتلوں امریکن قونصل جنرل مائیکل ڈاڈ مین، آئی جی سندھ پولیس فیاض لغاری، ڈی آئی جی ساؤتھ اور دیگر ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی جائے اور انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ 21 ستمبر کو یوم عشق رسول (ص) کے موقع پر لوٹ مار اور جلاو گھیرا کرنے والے دہشت گرد عناصر کے خلاف وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کے بیان کی روشنی میں کارروائی کی جائے اور تحقیقات کرکے ملوث عناصر کو کیفر کرداد تک پہنچایا جائے اور بے گناہ پکڑے جانے والے راہ گیروں کو فی الفور رہا کیا جائے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر کراچی اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں ملت جعفریہ کی ٹارگٹ کلنگ کو رکوایا جائے اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت پر یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ امریکی ایما پر شہر کراچی میں ملت جعفریہ کے خلاف پولیس انتظامیہ کا جاری کریک ڈاؤن نہ روکا گیا تو سندھ بھر میں پولیس انتظامیہ کے دفاتر کا گھیراؤ کیا جائے گا اور حالات کی سنگینی کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگر ملت جعفریہ کی ٹارگٹ کلنگ کو نہ روکا گیا تو راست اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔ ہم اعلان کرتے ہیں کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ملک گیر احتجاج کا اعلان کریں گے اور ملک بھر میں حکومتی ایوانوں اور امریکی سفارت خانوں کا گھیراؤ کریں گے اور یہ احتجاجی سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک امریکی سفیر جو دہشت گردی کی جڑ ہے، کو یہاں سے ملک بدر نہیں کر دیا جاتا۔


خبر کا کوڈ: 199277

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/199277/ملک-بھر-میں-جاری-ٹارگٹ-کلنگ-امریکی-سفارتخانہ-اور-قونصلیٹ-ملوث-ہیں-علامہ-ناصر-عباس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org