QR CodeQR Code

نگراں وزیراعظم کیلئے اپوزیشن لیڈر کی لابنگ بے وقت کی راگنی ہے، مولانا فضل الرحمان

28 Sep 2012 23:12

اسلام ٹائمز:پارلیمینٹ ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے غیررسمی گفتگو میں جے یو آئی کے سربراہ کہنا تھا کہ نگراں حکومت کیلئے آئین میں مشاورت کا اختیار وزیراعظم کو دیا گیا ہے، وہ اپوزیشن لیڈر کو دعوت دیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جمیعت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کیلئے اپوزیشن لیڈر کی موجودہ مشاورت کی کوئی آئینی اہمیت نہیں، اپوزیشن لیڈر کا رویہ غیرسنجیدہ ہے وہ ہوم ورک نہیں لابنگ کر رہے ہیں، نگران وزیراعظم کیلئے مشاورت کا مرحلہ پارلیمنٹ تحلیل ہونے کے بعد آئے گا۔ نگراں حکومت کیلئے آئین میں مشاورت کا اختیار وزیراعظم کو دیا گیا ہے، وہ اپوزیشن لیڈر کو دعوت دیں گے۔ مولانا نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کا نام ایس ایم ایس کے ذریعے طے کیا گیا تو بڑا مذاق ہو گا،سیاستدان کے بجائے بیوروکریٹ کو نگراں وزیراعظم بنانے کی بات عجیب سوچ ہے، فوج نے ہمیشہ ہمیں ڈسا ہے، الیکشن عدلیہ کی نگرانی میں ہونے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے میں جماعت اسلامی واپس نہ ہی آئے تو اچھا ہے،انہوں نے کہا کہ اخترمینگل کے اسلام آباد آنے کا فائدہ اٹھانا چاہئے۔ بلوچستان کا مسئلہ سنجیدہ ہے، بلوچوں کا احساس محرومی ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق، جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انہیں فوج کی نگرانی میں انتخابات کرانے پر تحفظات ہیں، الیکشن عدلیہ کی نگرانی میں ہونے چاہئیں۔ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے دفتر کے دورے کے موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انہوں نے اس سے پہلے اتنا غیر سنجیدہ قائد حزب اختلاف نہیں دیکھا، آ ئین کے مطابق نگران سیٹ اپ کیلئے وزیر اعظم، قائد حزب اختلاف کو مشاورت کی دعوت دے گا، لیکن قائد حزب اختلاف تو بغیر کسی دعوت کے خود ہی نگراں وزیر اعظم کے نام اڑا رہے ہیں، کیا نگراں وزیر اعظم کا نام ایس ایم ایس کے ذریعے طے ہوگا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اختر مینگل کے دورہ اسلام آباد سے فائدہ اٹھانا چاہئے، بلوچستان کا احساس غلامی ختم کرنا ہوگا۔ روسی صدر کا دورہ پاکستان ملتوی ہونے پر مولانا فضل الرحمان نے کہا تاریخ خود کو دْہراتی ہے، کسی وقت ہم نے دورہ روس ملتوی کرکے امریکا سے تعلقات قائم کر لئے تھے ۔


خبر کا کوڈ: 199323

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/199323/نگراں-وزیراعظم-کیلئے-اپوزیشن-لیڈر-کی-لابنگ-بے-وقت-راگنی-ہے-مولانا-فضل-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org