0
Saturday 29 Sep 2012 12:59

او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس، گستاخانہ فلم کیخلاف پاکستان کی قرارداد منظور

او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس، گستاخانہ فلم کیخلاف پاکستان کی قرارداد منظور
اسلام ٹائمز۔ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کی جانب سے گستاخانہ فلم کے خلاف پیش کردہ قرارداد منظور کرلی۔ قرارداد میں توہین رسالت اور اسلام سے متعلق گستاخی کے خلاف قانون سازی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ قرارداد منظور ہونے پر حنا ربانی کھر نے اس کا خیر مقدم کیا۔ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی آرگنائزیشن آف دی اسلامک کوآپریشن کے وزرائے خارجہ کا اجلاس نیویارک میں ہوا، جس میں پاکستان نے گستاخانہ امریکی فلم کے خلاف قرار داد پیش کی۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے یہ قرار داد پیش کی۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نبی کریم (ص) اور اسلام سے متعلق گستاخی کے خلاف قانون سازی کی جائے۔
  
دیگر ذرائع کے مطابق اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے رابطہ اجلاس میں گستاخانہ فلم کی مذمت کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے ایک قرارداد پیش کی، جس میں اسلام اور نبی کریم (ص) کے خلاف گستاخانہ اور توہین آمیز مواد سامنے لانے کی مکمل مذمت کی گئی اور کہا گیا ہے ایسی کوششیں اظہار رائے کی آزادی کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ 

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری کو اظہار رائے کی آزادی کی آڑ اور لبادہ میں نفرت اور اشتعال انگیز کارروائیوں کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ ہمیں تمام مذاہب کے آفاقی احترام کو فروغ دینا چاہئے کیونکہ مذہب کو ایک پل کے طور پر استعمال کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے اتفاق رائے سے قرارداد منظور کرنے کیلئے کہا۔ انہوں نے کہا ہے عام حکومتیں نفرت، تشدد اور امتیازی رویوں کے حامل اقدامات کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائیں بعدازاں اجلاس نے قرارداد کی منظوری دی۔

نیویارک میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کو او آئی سی کے ذریعے اسلام کا صحیح پیغام پہنچانے کی ضرورت ہے۔ حنا ربانی کھر نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی، جس میں توانائی سمیت دیگر دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خبر کا کوڈ : 199426
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش