QR CodeQR Code

مسلم حکمران اسلام کی توہین پر عوامی جذبات کی ترجمانی کرنے میں ناکام رہے ہیں

امریکہ کے جاری کردہ نقشے کے مطابق 2020ء کا پاکستان پنجاب تک محدود ہے، سراج الحق

30 Sep 2012 01:47

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر نے ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسلمان حکمرانوں نے تحفظ ناموس رسالت (ص) کا علم بلند نہ کیا تو ان حکمرانوں کیخلاف بھی جہاد فرض ہو جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ مسلمان حکمران ناموس رسالت (ص) پر حملے اور قرآن کریم کی بے حرمتی کیخلاف امت مسلمہ کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کرنے میں ناکام رہے ہیں، ان کے منافقانہ رویے اور بزدلی کے باعث آئے روز اس قسم کے افسوسناک اور قابل مذمت واقعات رونماء ہو رہے ہیں، اگر مسلمان حکمرانوں نے تحفظ ناموس رسالت (ص) کا علم بلند نہ کیا تو ان حکمرانوں کیخلاف بھی جہاد فرض ہو جائے گا، اقوام متحدہ بھی منافقانہ کردار ادا کر رہا ہے، ناموس رسالت (ص) کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ امت مسلمہ متحد ہو جائے۔ ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ او آئی سی کا اجلاس بلا کر مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے اور تیل کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے امریکہ اور یورپ کے لیے تیل کی ترسیل بند کی جائے۔
 
انہوں نے کہا کہ امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے اور امریکہ اور یورپ کے بینکوں میں موجود اپنا سرمایہ واپس نکال لیا جائے، یہ اقدامات گستاخانہ فلم بنانے اور قرآن کی بے حرمتی پر امریکہ کے امت مسلمہ سے معافی مانگنے اور اقوام متحدہ میں قانون سازی اور مجرموں کو سزاء دینے تک جاری رہنے چاہیئں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اسلام آباد کی اسٹیبلشمنٹ ایک اور بنگلہ دیش بنانے کا فیصلہ کرچکی ہے، بلوچستان آتش فشاں بن چکا ہے، وہاں حکومت اور ریاست کی رٹ ختم ہوچکی ہے، مسخ شدہ لاشیں اور افراد کا اغوا روز کا معمول بن چکا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقہ جات میں حکومت کے رویے اور اقدامات کی وجہ سے پاکستان کے افغانستان نقل مکانی کرنے والے جرگے ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ امریکہ کے جاری کردہ نقشے کے مطابق 2020ء کا پاکستان پنجاب تک محدود ہے جبکہ پاکستان کی سرکار عالمی خاکے میں رنگ بھر رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 199581

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/199581/امریکہ-کے-جاری-کردہ-نقشے-مطابق-2020ء-کا-پاکستان-پنجاب-تک-محدود-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org