0
Monday 1 Oct 2012 17:04

امپھری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا پولیس سپاہی وفات پاگیا

امپھری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا پولیس سپاہی وفات پاگیا
اسلام ٹائمز۔ گلگت کے علاقے امپھری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا پولیس سپاہی وفات پاگیا، 23 ستمبر کی شام امپھری قدرجی محلہ کے قریب نامعلوم افراد نے مکئی کے کھیت سے فائرنگ کرکے حاضر سروس پولیس سپاہی نیاز علی ولد فضل علی کو زخمی کردیا گیا تھا جو کہ 7 دن تک ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال گلگت میں موت و زندگی کی کشمکش میں رہنے کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملا۔ مرحوم کی عمر 58 برس تھی اور اس نے اپنے پسماندگان میں 2 بیٹے اور 4 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ مرحوم کی نماز جنازہ مرکزی جامع امامیہ مسجد گلگت میں قائد ملت جعفریہ گلگت بلتستان سید راحت حسین الحسینی کی امامت میں ادا کی گئی۔ بعد ازاں بہشت مرتضیٰ امپھری کے قبرستان میں سینکڑوں اشکبار آنکھوں کے سامنے مرحوم کو سپرد خاک کیا گیا۔

دوسری جانب سیاسی و سماجی حلقوں نے پولیس سپاہی مرحوم نیاز علی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نہایت ہی ملنسار اور بے ضرر اور اچھے انسان تھے۔ انہوں نے کہا کہ 7 روز کا طویل عرصہ گزر چکا ہے اور کسی بھی ملزم کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا ہے جو کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس نے رقص چوک پر رونما ہونے والے واقعے کے خلاف ذاتی دلچسپی لے کر ملزموں کو تو گرفتار کرلیا مگر اس پولیس سپاہی کے ملزموں کی گرفتاری کے لئے کوئی ایکشن نہیں لیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی جی پی اپنی ذاتی دلچسپی لے کر پولیس سپاہی نیاز علی کے قاتلوں کو گرفتار کرانے کے لئے اقدامات اٹھائیں تاکہ عوام میں موجود شکوک و شبہات کا خاتمہ ہوسکے۔
خبر کا کوڈ : 200093
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش