0
Monday 1 Oct 2012 21:03

بلوچستان سے منتخب ہونیوالے ہی وہاں کے عوام سے مخلص نہیں، رحمت وردگ

بلوچستان سے منتخب ہونیوالے ہی وہاں کے عوام سے مخلص نہیں، رحمت وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے طلال بگٹی کے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے کہ مضبوط پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں قوم کی بقاء اسی میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکبر بگٹی بھی محب وطن بزرگ سیاستدان تھے اور وہ اپنی سیاسی زندگی میں بہت اہم عہدوں پر فائز رہے اور ہمیشہ پاکستان کی ترقی وسلامتی کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ اکبر بگٹی کا قتل قابل مذمت ہے اور جنرل مشرف کی بیوقوفی تھی۔ یہ بات انہوں نے سینئر وائس چیئرمین خیبرپختونخواہ رحمان اﷲ مروت سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کو اسی دور میں 1 کھرب روپے فنڈ ملا ہے جس کا حساب لیا جانا چاہئے کیونکہ بلوچستان سے منتخب ہونیوالے ہی وہاں کے عوام سے مخلص نہیں اور بلوچستان کی پسماندگی کے زیادہ ذمہ دار مقامی نمائندے ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبوں خصوصاً بلوچستان کی احساس محرومی ختم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ صوبائی خودمختاری دی جائے اور صوبائی وسائل پر صوبوں کو 50% حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بلاوجہ فوج اور ایجنسیوں کو بدنام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گوادر پورٹ کی تکمیل کے 5 سال کے اندر ہی گوادر کی آبادی 1 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے اس لئے بلوچستان کی مقامی آبادی کے تحفظات کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ آئینی ترمیم کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ گوادر پورٹ کی تکمیل کے بعد کاروبار و ملازمت کی غرض سے نئے آباد ہونیوالوں کوووٹ دینے اور سیاست کرنے کے سے بازرکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کی تکمیل سے وسط ایشیائی ریاستوں اور افغانستان کی زیادہ ترتجارت اسی پورٹ کے ذریعے ہو گی۔

رحمت وردگ نے کہا کہ پاکستان خصوصاً بلوچستان میں زبردست ترقی ہوگی اس لئے عالمی طاقتیں سازش کے تحت بلوچستان کے حالات خراب کر رہی ہیں اور پروپیگنڈے کے ذریعے بلوچستان کے مسئلے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بلوچستان کی عوام اور مقامی قیادت سے اپیل کی کہ عالمی سازشوں کا شکار ہونے کی بجائے پاکستان کی بقاء کے لئے بات چیت کے ذریعے مسائل کا مستقل حل نکالا جائے اور حکومت بھی بلوچستان کی مقامی قیادت سے فوری طور پر مذاکرات کرے۔
خبر کا کوڈ : 200119
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش