0
Monday 1 Oct 2012 23:05

صدر زرداری اور الطاف حسین کی ملاقات، انتخابی اتحاد کی حکمت عملی تیار

صدر زرداری اور الطاف حسین کی ملاقات، انتخابی اتحاد کی حکمت عملی تیار
اسلام ٹائمز۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری اور متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے درمیان لندن کے چرچل ہوٹل میں ایک اہم اور تفصیلی ملاقات ہوئی۔ ملاقات تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات میں رابطہ کمیٹی کے ارکان مصطفےٰ عزیز آبادی، محمد انور اور قاسم علی رضا بھی الطاف حسین کے ہمراہ تھے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک اور برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر واجد شمس الحسن بھی ملاقات میں موجود تھے۔ شروع کے ڈیڑھ گھنٹے تک رابطہ کمیٹی کے ارکان بھی بات چیت میں شریک ہوئے جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال، بلوچستان کے مسئلے، امن و امان، دوہری شہریت پر پابندی، بلدیاتی نظام، سیلاب سے آنے والی تباہی اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے مابین اتفاق کیا گیا کہ اداروں کے درمیان محاذ آرائی اور کشیدگی کسی بھی طرح ملک اور جمہوری نظام کے مفاد میں نہیں ہے لہٰذا تمام اداروں کو اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا چاہیے اور ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کی بقاء اور استحکام کیلئے باہمی تعاون جاری رکھیں گے اور آپس میں مل کر کام کرتی رہیں گی۔ اس موقع پر الطاف حسین نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے معاشی استحکام ضروری ہے اور معاشی استحکام کیلئے حکومت کو ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دینا چاہیے۔ الطاف حسین نے صدر مملکت سے کہا کہ بلوچستان کے مسئلے کے حل کیلئے مؤثر اور سنجیدہ اقدامات کئے جائیں اور مسئلے کو طاقت کے بجائے بات چیت سے حل کیا جائے۔

صدر آصف زرداری نے الطاف حسین کی بات سے اتفاق کیا اور اس سلسلے میں حکومت کی کوششوں سے انہیں آگاہ کیا۔ دوہری شہریت کے معاملے پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پارلیمنٹ میں موجود جماعتوں کے تعاون سے قانون سازی کی کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے سندھ اسمبلی سے بلدیاتی نظام کے قانون کی منظوری پر ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کی اور اس کو ملک خصوصاً سندھ میں اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے سلسلے میں ایک اہم اور تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے سندھ بھر کے تمام عوام کو بھی دلی مبارکباد پیش کی۔ الطاف حسین نے صدر آصف زرداری کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے جراتمندانہ خطاب پر مبارکباد پیش کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر دو گھنٹے تک علیحدگی میں بھی بات چیت ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 200135
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش