0
Tuesday 2 Oct 2012 02:39

کراچی میں طالبان اور کالعدم تنظیمیں جرائم کی کارروائیاں کر رہے ہیں، رحمن ملک

کراچی میں طالبان اور کالعدم تنظیمیں جرائم کی کارروائیاں کر رہے ہیں، رحمن ملک
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں تعاون کے سلسلے میں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو انتخابی تعاون کی پالیسی تیار کریں گی، یہ کمیٹیاں آپس میں مذاکرات کرکے نکات تیار کریں گی اور دونوں جماعتوں کی مرکزی قیادت نے ان نکات کو منظور کیا تو آئندہ انتخابات مل کر بھی لڑے جاسکتے ہیں۔ الطاف حسین نے ان خیالات کا اظہار لندن میں صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ الطاف حسین نے کہا کہ صدر مملکت سے ملک اور قومی مفاد میں بلوچستان، امن و امان، معاشی بحران اور دیگر بہت سے اہم ایشوز پر بات چیت ہوئی ہے۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ساڑھے چار سال سے ایک دوسرے کے حلیف رہے ہیں، آج بھی ہیں، اس دوران اونچ نیچ کے کئی مواقع آئے لیکن بات چیت سارے مسائل کا حل نکال لیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر سے بلدیاتی نظام، سندھ کے شہروں اور دیہی علاقوں کیلئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے، ٹریفک کے مسائل حل کرنے کیلے ماس ٹرانزٹ پروگرام، سیلاب کی صورتحال اور بجلی کے بحران پر بھی بات ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی کے بحران کے حل کیلئے صدر آصف زرداری جلد ہی قوم کو ایک خوشخبری دیں گے جس کے بعد انشاءاللہ بجلی کے بحران سے قوم کو نجات ملے گی، صنعتوں کا پہیہ چلے گا اور معاشی صورتحال بہتر ہوگی۔

الطاف حسین نے بتایا کہ صدر آصف زرداری سے کراچی سمیت پورے ملک میں امن و امان کے مسئلے پر بات ہوئی ہے اور ہم نے اس پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت اس سلسلے میں سیکیورٹی اداروں کے سربراہان کے ساتھ اجلاس کرکے حکمت عملی ترتیب دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے بلوچستان کے مسئلے کے حوالے سے صدر مملکت سے کہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ مصنوعی اقدامات سے حل نہیں ہوگا۔ اس کیلئے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے اور بلوچستان کے عوام کی محرومیاں دور کرنی ہوں گی۔ لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کرنا ہوگا۔ انہوں نے گزشتہ دنوں یوم عشق رسولؐ کے موقع پر ہونے والے پرتشدد واقعات پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور اس موقع پر قیام امن کے سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کی کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کولیشن گورنمنٹ پانچ سال کی مدت پوری کرنے جا رہی ہے، اس کا سہرا صدر آصف زرداری اور الطاف بھائی کے سر جاتا ہے۔ الطاف بھائی نے ہر مشکل اور کڑے وقت میں صدر زرداری اور جمہوریت کا ساتھ دیا، جمہوریت کو سہارا دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف زرداری اور الطاف بھائی کا اتحاد پاکستان کیلئے ہے، پاکستان کے عوام کیلئے ہے۔ الطاف بھائی نے ہر خطرے سے بروقت آگاہ کیا۔ انہوں نے کراچی میں طالبانائزیشن کے خطرے سے آگاہ کیا بعض لوگوں نے اس سے انکار کیا لیکن آج وہاں کی صورتحال سب کے سامنے ہے جہاں طالبان، کالعدم تنظیمیں اور جرائم پیشہ عناصر قتل و غارت گری، دہشت گردی اور جرائم کی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے سندھ میں بلدیاتی نظام کے قانون کی سندھ اسمبلی سے منظوری پر الطاف حسین کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ انشاءاللہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی جمہوریت کے استحکام اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کرتی رہیں گی۔
خبر کا کوڈ : 200189
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش