QR CodeQR Code

پاک فوج بلوچستان کے سیاسی حل کی بھرپور حمایت کرے گی، کیانی

3 Oct 2012 17:28

اسلام ٹائمز:پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی چار روزہ سرکاری دورے پر ماسکو روانہ ہو گئے۔ جنرل کیانی کے دورے کو علاقائی سلامتی اور استحکام کے حوالے سے خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ماسکو روانگی سے قبل اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاک فوج بلوچستان میں امن وامان کی بحالی کیلئے سیاسی حل کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی کا دورہ ماسکو اگست میں ہونا طے تھا تاہم ناگزیر مصروفیات کے باعث اس دورے کی تاریخ تین اکتوبر مقرر کی گئی۔ جنرل کیانی پہلے پاکستانی فوجی ہیں جو بطور آرمی چیف ماسکو کا دورہ کر رہے ہیں، وہ دوہزار تین میں اس وقت کے صدر اور آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کے ہمراہ بھی ماسکو کا دورہ کر چکے ہیں۔ انیس سو اڑسٹھ میں پاکستان کے فوجی صدر جنرل محمد یحیی خان نے بھی روس کا دورہ کیا تھا۔ جنرل کیانی کے دورے کو علاقائی سلامتی اور استحکام کے حوالے سے خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔ دورے کے دوران پاکستان اور روس کی افواج کے مابین تعاون کے فروغ پر مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق، آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے موجودہ حالات کے تناظر میں ایسے ہر سیاسی عمل کی بھرپور حمایت کی جائے گی جو آئین پاکستان کے مطابق ہو۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دورہ روس پر روانگی سے قبل بلوچستان کے موجودہ حالات پر اظہار خیال کیا، آرمی چیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فوج بلوچستان میں ایسے ہر سیاسی عمل کی حامی ہے جو آئین کے اندر ہو۔


خبر کا کوڈ: 200601

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/200601/پاک-فوج-بلوچستان-کے-سیاسی-حل-کی-بھرپور-حمایت-کرے-گی-کیانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org