0
Wednesday 3 Oct 2012 22:54

مقبوضہ کشمیر، پولیس نے اساتذہ کا سیکرٹریٹ گھیرائو مارچ ناکام بنا دیا

مقبوضہ کشمیر، پولیس نے اساتذہ کا سیکرٹریٹ گھیرائو مارچ ناکام بنا دیا
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں پولیس نے رضاکار اساتذہ کے سیول سیکرٹریٹ مارچ کو ناکام بناتے ہوئے لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں درجنوں اساتذہ زخمی ہوگئے، پولیس نے درجنوں اساتذہ کو گرفتار بھی کرلیا، اساتذہ کا کہنا تھا کہ ان کے مطالبات کے حوالے سے جموں و کشمیر کی حکومت نے ٹال مٹول اور عدم دلچسپی کی پالیسی اختیار کی ہوئی ہے جبکہ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ان کے مطالبات کو فوری طور پر تسلیم نہ کیا گیا تو احتجاجی مظاہروں میں شدت لائی جائے گی۔ ایجوکیشن والنٹری ٹیچرز ایسوسی ایشن سے وابستہ درجنوں اساتذہ سرینگر میں جمع ہوئے، جہاں انہوں نے ٹیچرز فورم کے سربراہ عبدالقیوم وانی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
 
مظاہرین کا کہنا ہے کہ انہیں محکمہ تعلیم میں رضاکار کی حیثیت سے تعینات کیا گیا اور ریاستی حکومت نے ان سے یہ وعدہ کیا تھا کہ 7 برس کی سروس مکمل کرنے کے بعد انہیں مستقل کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ 11 سال مکمل ہونے کے باوجود ابھی تک انہیں محکمہ تعلیم میں مستقل نہیں کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ مختلف مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اس موقعے پر اپنے خطاب میں عبدالقیوم وانی نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے ای ویز اور مائیگرنٹ متبادل اساتذہ کے حل طلب مسائل کو التواء میں رکھا ہوا ہے اور اس ضمن میں ریاستی سرکار ٹال مٹول اور عدم توجہی کا مظاہرہ کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت اساتذہ کے مسائل حل کرنے کے بجائے انہیں طول دے رہی ہے، جس کے نتیجے میں صورتحال سنگین ہوتی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 200620
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش