0
Thursday 4 Oct 2012 21:16

ترکی اور شام کے درمیان کشیدگی پھیلانا دشمنوں کی سازش، دونوں ممالک صبر و تحمل سے کام لیں، ایران

ترکی اور شام کے درمیان کشیدگی پھیلانا دشمنوں کی سازش، دونوں ممالک صبر و تحمل سے کام لیں، ایران
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے ترکی اور شام کو صبر و تحمل سے کام لینے کی تلقین کی ہے اور کہا ہے کہ ان ممالک کو خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی دشمن کی سازشوں کے مقابل ہوشیار رہنا چاہیے۔ حسین امیر عبداللھیاں نے ترکی اور شام کی علاقائی سالمیت کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ترکی اور شام کی سرحدوں پر گولہ باری کے پیش نظر دونوں ملکوں کو صبر و تحمل کی دعوت دیتا ہے اور چاہتا ہے کہ اس مسئلے کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور دشمنوں کی سازشوں پر ہوشیار رہا جائے۔ 

یاد رہے کہ شام سے ترکی کے سرحدی علاقے پر مارٹر حملوں میں پانج افراد جان بحق اور نو زخمی ہوئے تھے، جس کے جواب میں ترکی نے بھی شام پر گولہ باری کی ہے۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے ترکی اور شام کے سرحدی حملوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات کے ذمہ دار دہشتگرد ہیں۔ 

ادھر شام کے وزیر اطلاعات و نشریات محمد الزعبی نے کہا ہے کہ شام اپنی سرحد سے ترکی میں کی جانے والی فائرنگ کے واقعے کا جائزہ لے رہا ہے۔ انہوں نے ترکی کے سرحدی علاقہ میں جاں بحق ہو جانے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شام اور ترکی کی سرحدوں پر مغرب کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کی وجہ سے حالات خراب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام اچھی ہمسائيگی کے اصولوں پر کاربند ہے اور دیگر ممالک کو بھی شام کی علاقائی  سالمیت کا احترام کرنا چاہیے۔ 

ادھر اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے کہا ہے کہ ترکی اور شام کے درمیان کشیدگی پھیلانا دشمنوں کی سازش ہے، جو علاقے میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق رامین مہمان پرست نے شام اور ترکی کے درمیان جھڑپوں میں مارے جانے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شام اور ترکی کو صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کشیدگی سے صرف اور صرف علاقے میں امن و استحکام کے دشمنوں کو فائدہ پہنچے گا اور اس سے خطے کے ممالک میں مزید اختلافات پھیلیں گے۔ رامین مہمان پرست نے کہا کہ ایران چار فریقی کمیٹی کے دائرہ کار میں شام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 200887
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش