0
Friday 5 Oct 2012 17:41

کسی کی ضمانت پر قیامت کے دن جنت نہیں ملے گی، مہدی شاہ

کسی کی ضمانت پر قیامت کے دن جنت نہیں ملے گی، مہدی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ گلگت اس خطے کے دل کی حیثیت رکھتا ہے، جب دل کو تکلیف ہوتی ہے تو پورا جسم متاثر ہوتا ہے، عوام اس علاقے میں امن کے مکمل قیام کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرتے ہوئے حکومت سے بھی تعاون جاری رکھیں تاکہ یہ علاقہ نظر بد سے بچا رہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے سکوار میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکوار کے عوام نے اپنے اتحاد اور اتفاق سے اس علاقے کو جس طرح سے مثالی بنایا ہے بالکل اسی طرح دیگر علاقوں میں بھی امن و محبت کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین محنت مزدوری کرکے اپنے بچوں کو اس لئے پڑھاتے ہیں تاکہ ان کے بچے پڑھ لکھ کر تابناک مستقبل حاصل کرسکیں اور گھر کا چولہا بھی بہتر انداز میں چل سکے۔ مہدی شاہ نے کہا کہ کسی کی ضمانت پر قیامت کے دن جنت نہیں ملے گی بلکہ ہر انسان کو اس کے اعمال کے مطابق ہی جنت و دوزخ میں ڈالا جائے گا، اس لئے ہر فرد کو اپنے آپ کو سدھارنے کی ضرورت ہے تاکہ چپقلشوں اور عداوتوں کا خاتمہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں قیام امن کیلئے مساجد بورڈ اور پارلیمانی امن کمیٹی کا کردار قابل ستائش ہے۔

انہوں نے گلگت بلتستان کے باشعور عوام سے بھی اپیل کی کہ مستقل قیام امن کیلئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سکوار ڈسپنسری کو اپ گریڈ کرکے اے کلاس کا درجہ دینے اور بوائز مڈل سکول کو اپ گریڈ کرکے ہائی سکول کا درجہ دینے کا اعلان کیا جبکہ محکمہ واسا کے حکام کو ہدایت کی کہ سکوار کے عوام کو پینے کے صاف پانی فراہم کرنے کیلئے واٹر سپلائی سکیم کا سروے مکمل کرکے رپورٹ پیش کریں۔ اس دوران سکوار کی سماجی شخصیت نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکوار گلگت شہر کا قریب ترین علاقہ ہے جس کی آبادی 10 ہزار ہے، پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے زمینیں غیر آباد ہیں اس وجہ سے عوام زمینوں پر کاشت کرنے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی آبادی میں لڑکے اور لڑکیوں کے لئے مڈل سکول ہیں، ہائی سکول نہ ہونے کی وجہ سے اکثر بچے اعلی تعلیم سے محروم ہیں جبکہ جنگلی حیات سے مالا مال یہ علاقہ حکومتی عدم توجہی کی وجہ سے ویران سے پڑا ہے۔ تقریب کے دوران پی پی پی کے سینئر رہنما گلاب شاہ آصف نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے دوران قانون ساز اسمبلی کے ممبر دیدار علی، شیعہ و سنی مساجد بورڈز کے ممبران اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔
خبر کا کوڈ : 201102
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش