0
Friday 5 Oct 2012 20:13

عمران خان امریکی، اسرائیلی اور برطانوی ایجنٹ ہے، تحفظ فراہم نہیں کرینگے، طالبان

عمران خان امریکی، اسرائیلی اور برطانوی ایجنٹ ہے، تحفظ فراہم نہیں کرینگے، طالبان
اسلام ٹائمز۔ طالبان نے عمران خان کی ریلی کو محض ایک ڈرامہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تحریک انصاف کی ریلی میوزک کے ساتھ جنوبی وزیرستان نہ آئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غیر معروف طالبان گروپ جیش المجاہدین الخلافت کی جانب سے ٹانک میں جاری کئے گئے پمفلٹ میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو امریکی، برطانوی اور اسرائیلی ایجنٹ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ وہ مسئلہ کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں جبکہ انہیں قبائلی عوام کے ساتھ کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ 

ٹانک بازار میں تقسیم کئے جانے والا پمفلٹ جس پر اردو میں تحریر کیا گیا ہے کہ ہر خاص و عام کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ عمران خان ڈرون حملوں کی مخالفت کے نعرے کیساتھ ایک ریلی جنوبی وزیرستان لے جانا چاہتے ہیں حالانکہ انہیں قبائلی عوام کے ساتھ کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ درحقیقت وہ ایک امریکی، اسرائیلی اور برطانوی ایجنٹ ہیں اور ڈرون حملوں کے مسئلے سے سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں اور پاکستان میں عیسائیت اور یہودیت کے ایجنڈے کو فروغ دے رہے ہیں۔ پمفلٹ میں لوگوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اس ریلی میں شرکت نہ کریں بصورت دیگر وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے خود ذمہ دار ہونگے۔ 

کالعدم تحریک طالبان نے تحریک انصاف کے امن مارچ کو سکیورٹی فراہم کرنے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔ طالبان ترجمان کا کہنا ہے عمران خان کی ریلی ڈرون حملوں میں مرنے والوں کی ہمدردی میں نہیں بلکہ سیاسی قد بڑھانے کیلئے ہے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان احسان اللہ احسان نے ایک بیان میں کہا کہ ان کے مجاہدین اتنے بےوقعت نہیں کہ وہ مغرب زدہ، سیکولراورلبرل شخص کی حفاظت کریں۔ عمران خان ایک سیکولر اور لبرل شخص ہے۔ طالبان کو ان کی ہمدردی کی ضرورت نہیں۔ عمران خان کا نام نہاد امن مارچ ڈرون حملوں میں مارے جانے والے افراد کی ہمدردی کیلئے نہیں بلکہ اپنا سیاسی قد بڑھانے کی کوشش ہے۔ ترجمان کے مطابق طالبان سیاسی جماعتوں کو مغرب کا غلام سمجھتےہیں۔

احسان اللہ احسان نے کہا ہے کہ ہمارے نزدیک سیاستدانوں کی 2 قسمیں ہیں، ایک قسم وہ ہے جو حکومت میں ہے اور طالبان مخالف ہیں، اِن حکومتی جماعتوں میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی شامل ہے۔ دوسری قسم وہ ہے جو حکومت میں نہیں ،جن میں (ن)لیگ اور تحریک انصاف شامل ہے، مسلم لیگ (ن)اور تحریک انصاف مغرب کی غلام اورسیکیولر ہیں، عمران خان سیکیولر اور مغرب پسند ہیں، ہماری ہمدردیاں اُن کے ساتھ نہیں۔ احسان اللہ احسان کا کہنا تھا کہ ہمارے کس کے خلاف کیا عزائم ہیں ہم نہیں بتا سکتے، عمران خان کا نام نہاد امن مارچ ڈرون حملوں میں مرنے والوں کیلئے نہیں، عمران خان کا امن مارچ اپنی سیاسی مقبولیت میں اضافے کیلئے ہے۔
خبر کا کوڈ : 201123
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش