QR CodeQR Code

سیاسی راہنماؤں کی پگڑیاں اچھالنا عمران خان کا مزاج بن چکا ہے، مولانا حیدری

6 Oct 2012 19:57

اسلام ٹائمز:جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ عمران خان کے پاس کوئی نعرہ نہیں رہا اس لئے مولانا فضل الرحمن کیخلاف بیان بازی کر رہے ہیں، عمران خان وہاں جا رہے ہیں جہاں ڈرون حملے ہی نہیں ہوتے اس سے بڑھ کر کیا منافقت ہو گی۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے پاس کوئی نعرہ نہیں رہا اس لئے وہ جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمن کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں، عمران خان جنوبی وزیرستان جا کر ڈراموں کا ایک پارٹ ادا کر رہے ہیں انہیں ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج آج کیوں یاد آیا ہے جبکہ جے یو آئی ڈرون حملوں کے خلاف عوامی جلسوں اور ریلیوں میں آواز بلند کر نے کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ سے دو دفعہ متفقہ فیصلہ کروا چکے ہیں۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان وہاں جا رہے ہیں جہاں ڈرون حملے نہیں ہوتے اس سے بڑھ کر کیا منافقت ہو گی اور پھر اپنے ساتھ امریکیوں اور یہودیوں کو لے جا رہے ہیں اس سے ثابت ہو گیا کہ ان کے پیچھے کون سی لابیاں ہیں اور وہ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم اس سے پہلے عمران خان کی منافقت اور جھوٹ کو دیکھ چکی ہے کہ ان کی سابقہ بیوی اسلام آباد میں انہی کی مہمان بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی راہنماؤں کی پگڑیاں اچھالنا عمران خان کا مزاج بن چکا ہے، اب وہ جے یو آئی کی عوامی مقبولیت سے پریشان ہو کر بیہودہ زبان استعمال کر رہے ہیں، اگر انہوں نے یہ اپنا انداز نہ چھوڑا تو پھر ہم قوم کو بہت سے خفیہ حقائق بتانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بڑے لیڈروں پر بیان بازی اور الزام تراشی کر کے اپنا قد بڑا کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں جس میں وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 201386

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/201386/سیاسی-راہنماؤں-کی-پگڑیاں-اچھالنا-عمران-خان-کا-مزاج-بن-چکا-ہے-مولانا-حیدری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org