QR CodeQR Code

کشمیری قوم کی نئی نسل کو فتح کرنا بھارت کے لئے ناممکن ہے، سید علی گیلانی

6 Oct 2012 23:56

اسلام ٹائمز: کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جدوجہد آزادی میں ہم نے 6 لاکھ کے قریب انسانی جانیں قربان کی ہیں، 50 ہزار بچے یتیم ہوگئے، 30 ہزار بہنیں بیوہ اور 1500 نیم بیوہ ہوگئی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے راہل گاندھی کی آمد پر کشمیر یونیورسٹی میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان طالب علموں نے حوصلے اور جرات مندی سے کام لے کر پوری قوم کی لاج رکھی ہے اور انہوں نے کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کی بھرپور ترجمانی کرکے ثابت کردیا ہے کہ اس قوم کی نئی نسل کو فتح کرنا بھارت کے لئے کسی بھی طور ممکن نہیں ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے یونیورسٹی طلباء کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ دانشوروں کا یہ طبقہ ہماری قوم کا سرمایہ ہے اور ہم ان پر فخر کرنے میں حق بجانب ہیں، سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری قوم کو اپنے ان جیالے نوجوانوں کی تقلید کرتے ہوئے تحریکِ آزادی کے تئیں یکسوئی اور یک رُخی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
 
انہوں نے کہا کہ اس قوم نے تحریکِ آزادی میں بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں، جہاں والدین اپنی اولاد کو خود اپنے ہاتھوں قربان گاہ کی طرف روانہ کرتے رہے ہیں، وہاں بہو، بیٹیوں اور بہنوں کی عزتیں بھی بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں پامال ہوتی رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد میں ہم نے 6 لاکھ کے قریب انسانی جانیں قربان کی ہیں، 50 ہزار بچے یتیم ہوگئے، 30 ہزار بہنیں بیوہ اور 1500 نیم بیوہ ہوگئی ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ لوگوں کو جسمانی ٹارچر کے ذریعے زندگی بھر کے لیے معذور بنادیا گیا ہے جبکہ 10 ہزار افراد گرفتاری کے بعد لاپتہ کردیئے گئے اور 6 ہزار سے زائد بے نام قبروں کے بارے میں ابھی تک کچھ بھی معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ ان میں کون لوگ دفن ہیں اور انہیں کس جُرم میں قتل کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 201433

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/201433/کشمیری-قوم-کی-نئی-نسل-کو-فتح-کرنا-بھارت-کے-لئے-ناممکن-ہے-سید-علی-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org