0
Sunday 7 Oct 2012 20:05

جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے صدر کی جماعة الدعوة کراچی کے امیر سے ملاقات

جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے صدر کی جماعة الدعوة کراچی کے امیر سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے صدر محمد اقبال ساندھ اور دیگر عہدیداران نے جماعة الدعوة کراچی کے امیر انجینئر نوید قمر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ریاست جونا گڑھ پر غاصبانہ بھارتی قبضہ کے خلاف آواز اٹھانے اور عوامی سطح پر تحریک تیز کرنے کا باہمی فیصلہ کیا گیا اور اعلان کیا گیا کہ 9 نومبر کو کراچی میں ”یوم سقوط جونا گڑھ“ کے موقع پر خصوصی پروگرامات کے انعقاد کے علاوہ بڑی ریلی بھی نکالی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے وفد کی صدر محمد اقبال ساندھ کی قیادت میں انجینئر نوید قمر سے ملاقات کی۔ وفد میں فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری عبدالعزیز عرب، فاروق احمد شیخ، قاضی مصطفی اور ملک اسلم بھی شامل تھے۔ جماعة الدعوة کے مرکزی دفتر میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر جماعة الدعوة کے رہنما حافظ کلیم اللہ، محمد بلال حیدر اور سیکرٹری اطلاعات احمد ندیم بھی موجود تھے۔

انجینئر نوید قمر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جونا گڑھ کسی ایک کمیونٹی نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔ ہمیں بھارت سے اپنی ریاستیں واپس لینے کے لئے بھرپور تحریک چلانی چاہیے۔ جماعة الدعوة کشمیر کی طرح جونا گڑھ کے لئے بھی بھرپور آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جونا گڑھ کی عوام کے ساتھ ہیں اور اس تحریک میں ہر طرح کا تعاون کریں گے۔ جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے صدر محمد اقبال ساندھ کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی خاموشی سے جونا گڑھ کا مسئلہ اقوام متحدہ کے سرد خانے میں منتقل ہوگیا۔ کشمیر پر یو ٹرن لینے سے بھارت کو حوصلہ ملا اور آج وہ بلوچستان سمیت پاکستان کے دیگر علاقوں میں مداخلت کر رہا ہے۔ جماعة الدعوة کی قیادت ریاست جونا گڑھ پر بھارتی قبضہ کے خلاف آواز بلند کرنے میں ہمارا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ 9 نومبر 1947ء کو بھارت نے ریاست جونا گڑھ پر غاصبانہ قبضہ کیا تھا۔ مگر آج بھی جونا گڑھی عوام کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری عبد العزیز عرب نے انجینئر نوید قمر کو یوم سقوط جونا گڑھ کے پروگرامات میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں مقیم لاکھوں جونا گڑھی عوام اپنی ریاست کی آزادی دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس تحریک کو تیز کرنے کے لئے 9 نومبر کو یوم سقوط جونا گڑھ کے موقع پر کراچی میں دیگر تقریبات کے علاوہ مزار قائد سے پریس کلب تک ایک بڑی ریلی بھی نکالی جائے گی، جس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی قیادت بھی شرکت کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 201684
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش