0
Monday 8 Oct 2012 22:32

ہمارے لئے پہلے مذہب اور اس کے بعد سیاست ہے، مولانا شیخ مرزا علی

ہمارے لئے پہلے مذہب اور اس کے بعد سیاست ہے، مولانا شیخ مرزا علی
اسلام ٹائمز۔ بزرگ عالم دین مولانا شیخ غلام حیدر نجفی کی تیسری برسی و سانحہ لولوسر اور سانحہ القدس کراچی کے شہداء کے چہلم کی مناسبت سے ایک تعزیتی اجتماع شیعہ علماء کونسل گلگت ڈویژن کے زیر اہتمام رہائشگاہ شیخ غلام حیدر نجفی گلمت نگر میں منعقد کیا گیا۔ جس میں مومنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر شیعہ علماء کونسل گلگت مولانا شیخ مرزا علی نے کہا کہ نظریئے کے بغیر کوئی بھی قوم کامیاب نہیں ہوسکتی ہے۔ شہید آغا سید ضیاء الدین رضوی اور شیخ غلام حیدر نجفی نے قوم کو نظریہ دیا اور اُسی نظریئے پر قربانی دی مگر آفسوس کہ آج قوم اس نظریئے سے دور ہیں جس کے سبب قوم کیلئے مشکلات درپیش ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملت جعفریہ کو دوسرے مسلک سے زیادہ امتیاز حاصل ہے۔ ہمارے لئے پہلے مذہب ہے اور اس کے بعد سیاست ہے اور ہمیں عقائد عزیز ہیں، جن عقائد کی خاطر شہید ولایت علامہ سید ضیاء الدین رضوی نے قربانی دی آج ہمیں چاہئے کہ ہم عقائد کو عزیز رکھیں اور مذہب کیلئے جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو دو خطرات درپیش ہیں، ایک یہ کہ ملک خطرے میں ہے اور دوسرا اسلام خطرے میں ہے۔ گلگت بلتستان کے غیور عوام نے ہر مشکل میں ملک کیلئے قربانی دی ہے اور آج بھی قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی یہاں کے عوام ملک اور اسلام کو بچانے کیلئے قربانی دینے کو آمادہ و تیار ہیں۔

تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قانون ساز اسمبلی دیدار علی نے کہا کہ شیخ غلام حیدر نجفی ایک ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے۔ قوم و ملت کیلئے نگر کے عوام کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ گلگت بلتستان کو اب تک آئینی حیثیت نہیں دی گئی اور عالمی سازش کے تحت علاقے میں فرقہ واریت کو ہوا دی جا رہی ہے۔ آج علاقے میں بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر علاقے کا امن تباہ کیا جارہا ہے۔ حکومت اب تک سانحہ کوہستان، سانحہ چلاس اور سانحہ لولوسر کے ملزمان کو گرفتار نہیں کرسکی ہے اور دہشت گرد آج بھی کسی سانحہ کیلئے سرگرم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زندگی وہ ہے جو امام حسین ؑ کے نام پر گزرے جو قوم و ملت کے خدمات میں گزرے جس طرح شہید آغا سید ضیاء الدین رضوی اور شیخ غلام حیدر نجفی نے بسر کی۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل گلگت ڈویژن کے جنرل سیکرٹری شیخ سجاد حسین قاسمی نے کہا کہ شیخ غلام حیدر نجفی نے ہر وقت قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی گائیڈ لائن پر عمل کیا اور اُن کے زیر سایہ ملی خدمات سر انجام دیں۔ آج ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے محسنوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قیادت سے مربوط ہوجائیں۔ برسی کے اجتماع سے شیخ گلاب حسین شاکری، شیخ الف خان، شیخ بلال حسین رہبری، صدر چیمبر آف کامرس گلگت بلتستان جاوید حسین اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 202023
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش