QR CodeQR Code

زرداری ضد و ہٹ دھرمی چھوڑ کر بلاتاخیر عام انتخابات کا اعلان کریں، لیاقت بلوچ

9 Oct 2012 22:39

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے ملتان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں میں دہری شہریت اور جعلی ڈگریوں کی وجہ سے ان اداروں کی ساکھ ختم ہوگئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں دہری شہریت اور جعلی ڈگریوں کے حامل بےنقاب ہونے کی وجہ سے ان اداروں کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہوگئی ہے، صدر آصف زرداری ضد اور ہٹ دھرمی ترک کردیں اور بلاتاخیر عام انتخابات کا اعلان کریں، اب یہ ناگزیر ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیاں توڑ دیں، آئین کے مطابق نوے دن کے اندر انتخابی عمل کا آغاز کردیا جائے، عام انتخابات سے پہلے ضمنی انتخابات لاحاصل ہوں گے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے کہ قومی اتفاق رائے کی عبوری حکومتیں قائم کی جائیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مالی اور انتظامی اعتبار سے بااخیتار بنایا جائے، انتخابات ہر قیمت پر شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں، ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے مظفر گڑھ سے لاہور جاتے ہوئے ملتان میڈیا سنٹر میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ ہم تحریک انصاف کے وزیرستان کی جانب مارچ کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن امریکی غلامی سے نجات اور ڈرون حملوں کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر پالیسی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، سیکورٹی فورسز نے عمران خان کے مارچ کو روک کر جمہوریت کی نفی کی ہے، امریکی غلامی سے نجات کے لیے ہمارے مؤقف کی حمایت میں جہاں بھی کوئی سرگرمی ہوگی ہم خیر مقدم کریں گے، مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام پارلیمنٹ کی قراردادوں میں امریکا مخالف مؤقف اختیار کرچکی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 202058

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/202058/زرداری-ضد-ہٹ-دھرمی-چھوڑ-کر-بلاتاخیر-عام-انتخابات-کا-اعلان-کریں-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org