QR CodeQR Code

مجھے بھارت کا آئین تسلیم نہیں ہے، انجینئر رشید

10 Oct 2012 16:42

اسلام ٹائمز: مقبوضہ کشمیر کے آزاد اسمبلی ممبر نے کہا ہے کہ اسمبلی انتخابات یا پنچایتی انتخابات سے تنازعہ کشمیر کی حیثیت میں ذرہ برابر فرق نہیں آئیگا کیونکہ تنازعہ کشمیر کو پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر اسمبلی میں آزاد ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر رشید کو اس وقت پی ڈی پی کے علاوہ تقریباً تمام سیاسی جماعتوں اور اسپیکر کی جانب سے زبانی حملے کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے کہا کہ کشمیر متنازعہ ہے اور وہ بھارت کے آئین کو تسلیم نہیں کرتے، ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی انتخابات یا پنچایتی انتخابات سے تنازعہ کشمیر کی حیثیت میں ذرہ برابر فرق نہیں پڑے گا کیونکہ تنازعہ کشمیر کو پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے، انجینئر رشید نے کہا کہ اگر کشمیر متنازعہ نہیں ہوتا تو یہاں اٹانومی اور سیلف رول کا نعرہ بلند نہیں کیا جاتا، اس دوران شام لعل شرما نے انجینئر رشید سے مخاطب ہو کر کہا کہ انہوں نے آئین ہند کے تحت ایوان اسمبلی میں آنے کیلئے حلف اٹھایا ہے اور انہوں نے آئین ہند کو تسلیم کیا ہے جس پر انجینئر رشید نے کہا کہ کشمیریوں کو رائے شماری کا موقعہ فراہم کیا جائے۔

اس موقعہ پر ایوان اسمبلی میں آزاد ممبر اسمبلی انجینئر رشید نے چلا چلا کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک متنازعہ مسئلہ ہے، جسے پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے، اس موقعہ پر اسپیکر نے انجینئر رشید سے مخاطب ہوکر کہا کہ کیا وہ ہندوستانی نہیں ہیں؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں تو آئین ہند کو تسلیم نہیں کرتا ہوں بلکہ میں صرف کشمیری ہوں، اس دوران کانگریس پارٹی، بھاجپا، پینتھرس پارٹی اور جموں سٹیٹ مورچہ ممبران اپنی نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور انجینئر رشید کے بیان پر سخت احتجاج کیا، شور و غل کے کے دوران انجینئر رشید ان سب کو جواب دے رہے تھے۔


خبر کا کوڈ: 202163

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/202163/مجھے-بھارت-کا-ا-ئین-تسلیم-نہیں-ہے-انجینئر-رشید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org