0
Tuesday 9 Oct 2012 23:42

نظامِ تعلیم اور نصابِ تعلیم میں تبدیلی کسی صورت قبول نہیں، اسلامی جمعیت طلبہ

نظامِ تعلیم اور نصابِ تعلیم میں تبدیلی کسی صورت قبول نہیں، اسلامی جمعیت طلبہ
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیراہتمام گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ سے نقشہ سٹاپ تک تعلیم بچاؤ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی نظام تعلیم میں تبدیلیوں اور نصاب تعلیم میں سے اسلامی اسباق کے اخراج کے خلاف نکالی گئی تھی جس میں شہر بھر سے سیکڑوں طلبہ نے شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب جنوبی نے کہا کہ حکمران مغربی غلامی میں اتنے آگے نکل گئے ہیں کہ ان کی خود سے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت ختم ہو چکی ہے اور وہ حق غلامی ادا کرنے میں مصروف ہیں، انہوں نے عملی طور پر پاکستان کو امریکی ریاست بنانے کی ٹھان لی ہے اور حالیہ نصاب میں سے مذہبی عنوان پر مشتمل اسباق کا اخراج اس بات کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج لاہور شہر کے غیور طلبہ نے امریکہ کے پٹھو حکمرانوں اور ان کی پالیسیوں کے خلاف نقارہ بجا دیا ہے ہم حکومت پنجاب کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ نظامِ تعلیم نصابِ میں تبدیلی کسی صورت قبول نہیں اردو کو دوبارہ ذریعہء تعلیم بنایا جائے، اگر نظامِ تعلیم میں کی گئی تبدیلیاں ایک ماہ میں واپس نہ لی گئیں اور آٹھویں جماعت تک مخلوط تعلیم کو ختم نہ کیا گیا تو لاہور شہر کے ہزاروں طلبہ پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کریں گے، حکمرانوں کیلئے یہی بہتر ہے کہ وہ نصاب میں موجود مذہبی اسباق کو چھیڑنے سے باز رہیں اور اپنا فیصلہ واپس لیں۔

ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور مدثر احمد شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ جواب دیں نظامِ تعلیم میٹرک اور انٹر کے نصاب میں تبدیلیاں اور اسلامی تاریخ سے متعلقہ نصاب کا حذف کرنا کس ایجنڈے کا حصہ ہے مغرب میں مذہب سے دوری نے اس معاشرے کی اخلاقی اقدار کو کھوکھلا کر دیا ہے جس کی وجہ سے وہ معاشرہ پستی میں جا چکا ہے، آج کے نااہل حکمران اس کی ظاہری چکا چوند سے متاثر ہو کر پاکستان کو بھی لادین بنانا چاہتے ہیں لیکن اسلامی جمعیت طلبہ ان کے ہر اس اقدام کی بھرپور مخالفت کرے گی جس کے پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا موجودہ قدم پاکستان کی نظریاتی بنیاد ہی کھوکھلی کر رہا ہے لہذا فی الفور اس فیصلے کو واپس لیا جائے بصورت دیگر احتجاج کے پرامن رہنے کی ضمانت نہیں دی جا سکتی ہے اور پہلے مرحلے میں پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کا باشعور اور غیور طبقہ حکمرانوں کی تمام چالوں کو ناکام بنا دے گا کسی کو اجازت نہیں کہ وہ نصاب تعلیم میں سے اسلامی تعلیمات پر مبنی اسباق کا اخراج کریں، اگر حکمرانوں نے اپنی روش نہ بدلی تو طلبہ کی طرف سے شدید قسم کا ردعمل سامنے آئے گا، پاکستان کلمہ کی بنیاد پر وجود میں آیا تھا اور اس کی بنیادوں میں دین سے محبت شامل ہے اگر کسی نے بنیادوں کو ہلانے کی کوشش کی تو پھر سخت ہاتھوں سے ان کو روکا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 202332
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش