QR CodeQR Code

پاکستان ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کی حمایت کرتا ہے، رانا ثناءاللہ

سامراج کی تسلط پسندانہ پالیسیوں کیخلاف اسلامی ممالک میں اتحاو و وحدت انتہائی ضروری ہے، ڈاکٹر لاریجانی

10 Oct 2012 09:05

اسلام ٹائمز: تہران میں ایرانی وزیر قانون کا رانا ثناءاللہ کے ساتھ ملاقات میں کہنا تھا کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کے پرامن نہ ہونے کا امریکی دعویٰ سچا نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے وزیر قانون اور پارلیمانی امور رانا ثناءاللہ نے تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلٰی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے گذشتہ روز ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات کی، اس ملاقات میں ڈاکٹر لاریجانی نے اسلامی ممالک کے اتحاد و یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سامراج کی تسلط پسندانہ پالیسیوں کا مقابلہ کرنے کی غرض سے اس ھدف کے حصول پر تاکید کرتا ہے اور یہ اس کی اسٹراٹیجی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی طاقتیں مسلمانوں میں تفرقہ ڈال کر انہیں کمزور بنانے کی سازشوں میں لگی رہتی ہیں۔ ملاقات میں پنجاب کے وزیر قانون اور پارلیمانی امور رانا ثناءاللہ نے ایران کو علاقے کا اہم ملک قرار دیا اور کہا کہ بڑی طاقتوں کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی استقامت مسلمانوں کے لئے فخر کا باعث ہے۔
 
رانا ثناءاللہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر قانون سید مرتضٰی بختیاری سے بھی ملاقات کی، جس میں ایران کے وزیر قانون نے امریکہ کی اسلام مخالف توہین آمیز فلم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ جو خود کو انسانی حقوق کا سب سے بڑا حامی قرار دیتا ہے اس نے مغرب میں اسلام کی توہین پر کسی طرح کا ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ سید مرتضی بختیاری نے امریکہ کے ان دعووں کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا، جن میں وہ کہتا ہے کہ ایران کا ایٹمی پروگرام پرامن نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رہبر انقلاب اسلامی کے فتوے کے مطابق ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال حرام ہے، لیکن امریکہ صرف بہانے بازی کر رہا ہے اور ایران کی علمی اور سائنسی ترقی میں رکاوٹیں کھڑی کرنا چاہتا ہے۔ ایرانی وزیر قانون کے ساتھ ملاقات میں رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام بھی علاقے میں امریکہ کی موجودگی کو امن و استحکام کے تباہ ہونے کا سبب مانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ پرامن ایٹمی انرجی سے استفادہ کرنا تمام قوموں کا حق ہے اور پاکستان ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کی حمایت کرتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 202380

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/202380/سامراج-کی-تسلط-پسندانہ-پالیسیوں-کیخلاف-اسلامی-ممالک-میں-اتحاو-وحدت-انتہائی-ضروری-ہے-ڈاکٹر-لاریجانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org