QR CodeQR Code

زلزلہ متاثرین کے لیے وفاقی حکومت کی طرف سے 8 ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ

10 Oct 2012 10:12

اسلام ٹائمز: وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے فوری طور پر یہ رقم جاری کی جا رہی ہے۔ حکومت بے شمار چیلنجز کا مقابلہ کر رہی ہے۔ زلزلہ زدگان کی مشکلات کا احساس ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات قمرالزمان قائرہ نے کہا ہے کہ حکومت زلزلہ متاثرہ علاقے کی تعمیرنو کے لیے آٹھ ارب روپے فوری جاری کرے گی۔ ہمیں متاثرین زلزلہ کی مشکلات کا احساس ہے۔ بہت سارے کام تعمیرنو کے مکمل ہو چکے ہیں۔ باقی جلد مکمل کیے جائیں گے۔ تعلیمی اداروں کی عمارتیں بھی جلد تعمیر ہوں گی حکومت کو بہت سارے چیلنجز درپیش ہیں۔ ان چیلنجز اور مسائل کے باوجود زلزلہ متاثرہ علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل حل کیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے آزاد کشمیر کے ہزاروں متاثرین زلزلہ کے احتجاجی دھرنے اور مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

قمرالزمان کائرہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کو اس وقت بہت سارے مسائل درپیش ہیں سندھ اور بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ اور تشدد کے واقعات ہو رہے ہیں۔ پاکستان دشمن قوتیں ملک کو کمزور کرنے کیلئے سرگرم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے ایک لمحہ کے لیے بھی متاثرین زلزلہ کو فراموش نہیں کیا۔ ہمیں ان کی مشکلات کا احساس ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تعمیرنو کا بہت سا کام مکمل چکا ہے باقی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ متاثرین مطمئن رہیں ہم ان کے ساتھ ہیں انکی مشکلات ہماری مشکلات ہیں۔ 

بعد ازاں تحریک تعمیرنو کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت متاثرین زلزلہ کی بحالی اور تعمیرنو کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ آٹھ ارب روپے فوری جاری کیے جا رہے ہیں اس کے بعد بھی امداد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ متاثرین کی بحالی اور تعمیرنو کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ تحریک تعمیرنو کے رہنمائوں مہتاب اشرف، خضررفیق، طاہراکبر، طاہر شاہ، تنویر انور اور دیگر نے وفاقی وزیر اطلاعات سے ملاقات کرکے انھیں متاثرین کے مسائل سے آگاہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 202389

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/202389/زلزلہ-متاثرین-کے-لیے-وفاقی-حکومت-کی-طرف-سے-8-ارب-روپے-جاری-کرنے-کا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org