QR CodeQR Code

پاکستان کی سلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پیر عتیق الرحمن

10 Oct 2012 10:37

اسلام ٹائمز: کوٹلی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آزاد کشمیر کے امیر کا کہنا تھا کہ تحریک پاکستان ، تحریک آزادی کشمیر میں علماء مشائخ کا مرکزی کردار ہے۔ پاکستانی فوج کے ہوتے ہوئے پاکستان کی سرحدیں اور پاکستانی عوام محفوظ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء جموں و کشمیر کے صدر مولانا پیر محمد عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ تحریک پاکستان، تحریک آزادی کشمیر میں علماء و مشائخ اہلسنت کا بنیادی اور مرکزی کردار رہا ہے۔ استحکام پاکستان کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ کشمیر کی مکمل آزادی تک جمعیت علماء جموں و کشمیر و جماعت اہلسنت جموں وکشمیر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ہماری منزل نظام مصطفی ص کا نفاذ اور مقام مصطفٰی ص کے تقدس کا تحفظ ہے۔ منزل کے حصول تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ حضور ص کا اسوہ حسنہ جس نے اپنایا وہ کامیاب ہے۔ سرورکائنات کا نظام ہی دنیا کا بہترین نظام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سادات کمیونٹی ہال کوٹلی میں جمعیت علماء جموں و کشمیر کے ضلعی کنونشن سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

مولانا پیر عتیق الرحمن نے کہا کہ وہ سیاست جو دین کے تابع ہے وہی ہماری سیاست ہے اور ہم اس کو عبادت سمجھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا جزو لازم ہے۔ انھوں نے کہا کہ افواج پاکستان دنیا کی بہادر ترین فوج ہے۔ پاکستانی فوج کے ہوتے ہوئے پاکستان کی سرحدیں اور پاکستانی عوام محفوظ ہے۔ انھوں نے کہا کہ جمعیت علماء جموں و کشمیر کے زیراہتمام 14 اکتوبر کو سماہنی کے مقام پر آزاد کشمیر کی تاریخ کا منفرد و ممتاز علماء و مشائخ کنونشن منعقد ہو گا۔ جس میں آزادکشمیر بھر کے علماء و مشائخ شرکت کریں گے۔ کوٹلی کے ضلعی کنونشن میں علامہ امتیاز احمد صدیقی، سیکرٹری جنرل جمعیت علماء جموں و کشمیر، جماعت اہلسنت کے ناظم اعلی مفتی سید وجاہت حسین گردیزی، علامہ سید غلام یسین گیلانی، علامہ مفتی محمد عارف نقشبندی اور علامہ عبدالحمید قادری رابطہ سیکرٹری جماعت اہلسنت سمیت دیگر علماء نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 202401

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/202401/پاکستان-کی-سلامتی-کیلئے-کسی-قربانی-سے-دریغ-نہیں-کریں-گے-پیر-عتیق-الرحمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org