QR CodeQR Code

گلگت، سجاد سلیم ہوتیانہ کے ہنگامی دورے، محکمہ معدنیات کے تین ملازمین معطل

10 Oct 2012 21:51

اسلام ٹائمز: اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکریٹری نے کہا کہ مختلف سرکاری دفاتر میں اچانک چھاپوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے تاکہ ملازمین کی حاضری کے بارے میں معلومات ہوسکیں اور غیر حاضر ہونے والے تمام ملازمین کے خلاف فوری ایکشن لیا جاسکے گا۔


اسلام ٹائمز۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سجاد سلیم ہوتیانہ نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور محکمہ معدنیات کے دفاتر کا اچانک دورہ کیا اور محکمہ معدنیات میں بغیر وجہ کے غیر حاضر ہونے والے 3 ملازمین کو معطل جبکہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں غیر حاضر ہونے والے 50 ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ منگل کی صبح 8 بج کر 30 منٹ پر چیف سیکریٹری اپنے سٹاف کے ہمراہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دفتر پہنچے تو اکثر ملازمین غیر حاضر تھے جس پر چیف سیکریٹری نے فوری ایکشن لیتے ہوئے 50 ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ بعد ازاں چیف سیکریٹری نے محکمہ معدنیات کے دفتر کا معائنہ کیا اور 9 بج کر 30 منٹ تک دفتر نہ پہنچنے والے 3 ملازمین نائب قاصد میرباز، نائب قاصد ناظم خان اور ڈرائیور عابد ولی شاہ کو معطل کرنے کا حکم جاری کردیا۔

چیف سیکریٹری نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مختلف سرکاری دفاتر میں اچانک چھاپوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے تاکہ ملازمین کی حاضری کے بارے میں معلومات ہوسکیں اور غیر حاضر ہونے والے تمام ملازمین کے خلاف فوری ایکشن لیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں موجود مسائل کو حل کرنے کے حکومت اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے تاکہ یہاں پر عوام کا معیار زندگی بلند ہوسکے اور تمام لوگ پر سکون و خوشحال زندگی بسر کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین بروقت اپنے اپنے دفاتر پہنچ جائیں تاکہ سرکاری امور کی بہتر انداز میں انجام دہی ممکن ہوسکے اور سائلوں کو درپیش مشکلات کا بھی ازالہ ہوسکے۔


خبر کا کوڈ: 202594

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/202594/گلگت-سجاد-سلیم-ہوتیانہ-کے-ہنگامی-دورے-محکمہ-معدنیات-تین-ملازمین-معطل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org