0
Wednesday 10 Oct 2012 21:59

قوم اور حکمران متفق ہو جائیں تو امریکہ ڈرون حملے بند کرنے پر مجبور ہو جائیگا،عاکف سعید

قوم اور حکمران متفق ہو جائیں تو امریکہ ڈرون حملے بند کرنے پر مجبور ہو جائیگا،عاکف سعید
اسلام ٹائمز۔ تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے کہا ہے کہ ڈرون حملے بند کرانے کی جدوجہد ہر قسم کی سیاست سے بالاتر ہونی چاہیے۔ اُنھوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی جماعت سے اختلافات کے باوجود تحریک انصاف کا ڈرون حملوں کے خلاف وزیرستان کی جانب مارچ قابل تحسین ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ اس مارچ نے ڈرون حملوں سے شہید اور زخمی ہونے والے معصوم عوام کی طرف عالمی توجہ مبذول کرائی ہے اور امریکہ کے سیاہ کارناموں کو بُری طرح بے نقاب کیا ہے، امریکہ اور یورپ میں بڑی شدت سے یہ سوال اُٹھایا جا رہا ہے کہ امریکہ ایسی غیر انسانی اور غیر اخلاقی حرکت کیوں کر رہا ہے جس سے بے گناہ انسان موت کے گھاٹ اُتر رہے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ حکومت کے پاس یہ سنہری موقعہ تھا کہ وہ ایک طرف تحریک انصاف سے تعاون کرتی اور دوسری طرف سیکورٹی کونسل میں اِس مسئلہ کو اُٹھاتی تاکہ عوامی سطح پر اور اداروں کے ذریعے امریکی انتظامیہ پر پریشر بڑھایا جا سکتا لیکن افسوس صدر زرداری تو امریکہ کو یہ تک کہہ چکے ہیں کہ ڈرون حملوں کی وجہ سے اجتماعی ہلاکتیں آپ کے لیے پریشان کن ہوں گی میرے لیے نہیں، علاوہ ازیں وکی لیکس کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے امریکہ کو کہا تھا کہ آپ ڈرون حملے کرتے رہیں ہم اسمبلی میں اس کی زبانی مذمت کرتے رہیں گے۔

حافظ عاکف سعید نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کا یہ دعویٰ درست ہے کہ پاکستان کے نوجوان آپ کے ساتھ ہیں تو خدارا اُنھیں جلسے جلوسوں میں مخلوط طرز معاشرت اور ناچ گانے کی طرف لگانے کی بجائے اسلامی انقلاب کی راہ ہموار کرنے کی طرف متوجہ کریں اور اُس کام کے لیے پریشر گروپ بنائیں، اِس لیے کہ پاکستان کے مسائل کو اسلامی فلاحی ریاست اور شریعت نافذ کئے بغیر حل کرنا انتہائی مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔ اُنھوں نے دوسری سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ سنجیدگی سے ڈرون حملوں کے خلاف میدان میں آئیں، اگر قوم اور حکمران ڈرون حملوں کے خلاف متفق ہو جائیں تو امریکہ حملے بند کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 202598
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش