0
Wednesday 10 Oct 2012 23:49

عالمی سطح پر ناموس رسالت (ص) کا قانون بنانے تک ہمارا احتجاج جاری رہیگا، سراج الحق

عالمی سطح پر ناموس رسالت (ص) کا قانون بنانے تک ہمارا احتجاج جاری رہیگا، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق سینئر صوبائی وزیر سراج الحق نے کہا ہے کہ جب تک عالمی سطح پر ناموس رسالت (ص) کا قانون نہیں بنایا جاتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ حرمت رسول (ص) پر تمام مسلمان جماعتیں لسانی اور علاقائی مفادات سے بالاتر ہو کر ایک ہیں۔ گستاخانہ فلم پر پابندی لگائی جائے اور فلم بنانے والے کو کڑی سزاء دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی شیر ثمر باغ دیر پائیں میں ’’حرمت رسول (ص) کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ توہین رسالت (ص) پر مبنی امریکی فلم کیخلاف ملک گیر اور عظیم الشان احتجاج نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے غیور مسلمان شان رسالت (ص) کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے اور ملک میں زبردستی سیکولر ایجنڈے کو مسلط کرنے والی قوتوں کیلئے بھی یہ واضح پیغام ہے کہ وہ پاکستان کے اسلامی تشخص کو سبوتاژ کرنے اور وطن عزیز میں زبردستی سیکولر ایجنڈا مسلط کرنے کی کوششوں سے باز آجائیں۔ 

سراج الحق نے کہا کہ مسلمان اپنی جان و مال، عزت و آبرو اور سب کچھ قربان کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن شان رسالت (ص) میں معمولی گستاخی کو ہرگز اور کسی بھی صورت برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بقول امریکہ وہ پوری دنیا میں امن کا خواہشمند ہے تو بلاتاخیر گستاخی پر مبنی فلم پر پابندی لگا دے اور گستاخی کے مرتکب ڈائریکٹر کو پھانسی پر لٹکا دے یا گستاخ اور مردود و ملعون شخص کو مسلمانوں کے حوالے کر دے۔ انہوں نے کہا کہ شان رسالت (ص) ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ ہم اپنے ایمان کے تحفظ کیلئے سب کچھ لٹانے کے لئے تیار ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ آزادی رائے کی آڑ میں ہمارے پیغمبر (ص) کی توہین سے امریکہ اور امریکیوں کے مکروہ چہرے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ کانفرنس سے زونل امیر جماعت اسلامی اعزاز الملک افکاری، ہدایت الرحمان اور مولانا محمد عمران نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 202622
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش